اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے کہا ہے کہ اسے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے 1.03 ارب ڈالر کے مساوی 760 ملین ڈالر کی اسپیشل ڈرائنگ رائٹس (ایس ڈی آر) کی پہلی قسط موصول ہوگئی ہے۔
مرکزی بینک نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی جانب سے 37 ماہ کی مدت پر مشتمل 7 ارب ڈالر کے قرض پروگرام کی منظوری کے بعد اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف سے 760 ملین ایس ڈی آر (1026.9 ملین ڈالر کے مساوی) کی پہلی قسط موصول ہوئی ہے۔
یہ رقوم جمعرات 3 اکتوبر 2024 کو جاری ہونے والے اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں ظاہر ہوں گی۔
آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے بدھ کو پاکستان کے 7 ارب ڈالر قرض پروگرام کی منظوری دی تھی۔
پاکستانی حکام اور آئی ایم ایف کی ٹیم نے 12 جولائی کو 5,320 ملین ایس ڈی آر (یا تقریبا 7 بلین امریکی ڈالر) کے مساوی رقم میں ای ایف ایف پر عملے کی سطح کا معاہدہ کیا تھا۔