کے ایس ای 100انڈیکس میں مندی، 428 پوائنٹس گرگئے

24 ستمبر 2024

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں منگل کو انٹرا ڈے ٹریڈنگ کے دوران بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں 650 سے زائد پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی۔

تاہم دوپہر ایک بج کر 15 منٹ پر بینچ مارک انڈیکس 428.81 پوائنٹس یا 0.53 فیصد کی کمی کے ساتھ 81 ہزار 422 کے قریب پہنچ گیا تھا۔

آٹوموبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کیمیکل، کمرشل بینکوں، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں اور او ایم سیز سمیت اہم شعبوں میں فروخت دیکھی گئی۔

او جی ڈی سی، پی پی ایل، ایس این جی پی ایل، پی ایس او، ایم سی بی، این بی پی اور ایم ای بی ایل سمیت انڈیکس ہیوی اسٹاک میں مندی کا رجحان رہا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ سرمایہ کاروں نے کئی دنوں کے تیزی کے رجحان کے بعد منافع حاصل کیا۔

سرمایہ کاروں کو عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے فنڈز کے اجراء کا بھی انتظار ہے کیونکہ آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ 25 ستمبر کو پاکستان کی تقریبا 7 ارب ڈالر کی 37 ماہ کی توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) کو اپنے ایجنڈے میں شامل کرے گا۔

پیر کے روز پی ایس ایکس کا بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 224 پوائنٹس کی کمی کے بعد 82 ہزار سے نیچے 81 ہزار 850.50 پر بند ہوا۔

عالمی سطح پر منگل کے روز ایشیائی حصص کی قیمتیں ڈھائی سال سے زائد عرصے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں، جس میں چین کے حوصلہ افزا اقدامات اور امریکی شرح سود میں مزید کمی کی توقعات نے رجحان کو برقرار رکھا اور ڈالر دباؤ میں رہا۔

چین کے اعلیٰ مالیاتی ریگولیٹرز نے ایک پریس کانفرنس میں متعدد اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ بینکوں کے ذخائر میں 50 بیسس پوائنٹس کی کمی کریں گے جبکہ سود کی شرح میں کمی کریں گے تاکہ سست معاشی نمو کو فروغ دیا جا سکے۔

اس اقدام سے چینی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی آئی، بلیو چپ سی ایس آئی 300 انڈیکس ایک فیصد اضافے کے ساتھ کھلا جبکہ شنگھائی کمپوزٹ انڈیکس بھی اوپن مارکیٹ میں ایک فیصد اضافے کے ساتھ کھلا۔

اس سے جاپان سے باہر ایشیا بحرالکاہل کے حصص کا ایم ایس سی آئی کا وسیع ترین انڈیکس 0.41 فیصد اضافے کے ساتھ 588.43 ہو گیا، جو آخری بار اپریل 2022 میں دیکھا گیا تھا۔

یہ انٹرا ڈے اپ ڈیٹ ہے

Read Comments