روس کے نائب وزیر اعظم الیکسی اوورچک نے کہا ہے کہ ماسکو برکس گروپ میں پاکستان کی شمولیت کی حمایت کرے گا۔
اسلام آباد کے دو روزہ دورے پر آئے اوورچک نے اسلام آباد میں پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں پاکستان کی جانب سے دنیا کی ابھرتی ہوئی معیشتوں کے گروپ کا حصہ بننے کی درخواست کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہم اس کی حمایت کریں گے۔
برکس کا نام برازیل، روس، بھارت، چین اور جنوبی افریقہ کے ناموں کے ابتدائی حروف پر رکھا گیا ہے۔ بلاک نے گزشتہ سال سعودی عرب، ایران، ایتھوپیا، مصر، ارجنٹائن اور متحدہ عرب امارات کو رکن بننے کی دعوت دی تھی، جس کا مقصد عالمی نظام میں ردوبدل کی کوششوں کو تیز کرنا تھا۔
ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی روسی نائب وزیر اعظم کے ہمراہ ہے۔
یہ کئی سالوں میں روسی فیڈریشن کے کسی عہدیدار کا اعلیٰ سطح کا دورہ ہے اور 3 جولائی 2024 کو آستانہ (قازقستان) میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان ہونے والی بات چیت کا نتیجہ ہے۔
اس سے قبل دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ نائب روسی وزیر اعظم صدر آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقاتیں کریں گے۔
قبل ازیں بزنس ریکارڈر نے ذرائع کے حوالے سے خبر دی تھی کہ پاکستان اور روس دورہ اوورچک کے دوران تجارت، توانائی، فنانس اور صنعت کے حوالے سے گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ (جی ٹو جی) کے حوالے سے متعدد معاہدوں پر دستخط کرنے کے لیے تیار ہیں۔
پاکستان اور روس کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کے لیے گزشتہ سال پیش کی جانے والی سہ رخی حکمت عملی درج ذیل ہے:
(i) خام تیل کی خریداری؛
(ii) ایل این جی کی خریداری؛
(iii) پاکستان میں گیس کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی۔