سیمی فائنل میں افسوس ناک شکست کے بعد پاکستان نے منگل کو چین کے موکی ہاکی ٹریننگ بیس میں ایشین چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کے تیسری پوزیشن کے میچ میں جنوبی کوریا کو 2 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دیکر کانسی کا تمغہ اپنے نام کرلیا۔
پاکستان کو پیر کے روز سیمی فائنل میں میزبان چین کے ہاتھوں 0-2 صفر کی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ میچ مقررہ وقت میں 1-1 سے برابر رہا اور فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔
پاکستان اور کوریا نے پہلے کوارٹر میں متعدد مواقع کے باوجود کوئی گول نہیں کیا۔ لیکن کوریا کے جنگجون لی نے کھیل کے 16ویں منٹ میں اپنی ٹیم کو ایک گول کی برتری دلوادی۔
کوریا نے تیسری کوارٹر تک اپنی برتری برقرار رکھی، اس کے بعد صفیان خان اور حنان شاہد نے بالترتیب 38 ویں اور 39 ویں منٹ میں دو مسلسل گول کرکے پاکستان کو برتری دلوائی۔
یہ برتری زیادہ دیر تک برقرار نہ رہی کیونکہ کوریا کے جی ہن یانگ نے 40 ویں منٹ میں گول کرکے اسکور برابر کردیا۔ تاہم پاکستان کے رومین نے 45 ویں منٹ میں دوبارہ گول کیا جس سے تیسری کوارٹر کے اختتام پر پاکستان کو ایک بار پھر ایک گول کی برتری حاصل ہوگئی۔
تمغے کی جنگ میں گرین شرٹس نے آخری کوارٹر میں بھرپور حملے کیے اور دو مزید گول اسکور کر کے کوریا کے اسٹرائیکر کو کھل کر نہ کھیلنے دیا۔
صفیان خان نے کھیل کے49 ویں منٹ میں اپنا دوسرا گول اسکور کیا، جبکہ حنان شاہد نے 54 ویں منٹ میں دوبارہ گول کر کے پاکستان کی برتری کو 2-5 تک بڑھا دیا۔ شاہد کا یہ گول جو کہ ٹورنامنٹ میں اس کا چھٹا گول تھا، رانا وحید اشرف کے پاس کی بدولت ہوا۔
مجموعی طور پر ایونٹ میں پاکستان نے عمدہ کھیل پیش کیا۔ گرین شرٹس نے ملائیشیا (2-2) اور کوریا (2-2) کے خلاف دو لگاتار میچز برابر کرنے کے بعد چین (1-5) اور جاپان (1-2) کو شکست دی۔
آخری پول میچ میں بھارت نے پاکستان کو 1-2 سے شکست دی۔