روسی فیڈریشن کے نائب وزیر اعظم الیکسی اوورچک کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد بدھ 18 ستمبر کو دو روزے دورے پر پاکستان پہنچے گا۔ یہ بات دفتر خارجہ نے منگل کو ایک بیان میں بتائی ہے۔
دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق اوورچک صدر آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف، اور نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقاتیں کریں گے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور روس کے درمیان خوشگوار تعلقات ہیں جو خیرسگالی، دوستی اور اعتماد پر مبنی ہیں اور یہ دوطرفہ تعاون میں مختلف شعبوں میں نظر آتا ہے جن میں تجارت، توانائی اور رابطہ کاری شامل ہیں۔
اس سے قبل بزنس ریکارڈر نے ذرائع کے حوالے سے خبر دی تھی کہ پاکستان اور روس 18 اور 19 ستمبر 2024 کو الیکسی اوورچک کے دورے کے دوران تجارت، توانائی، فنانس اور صنعت کے حوالے سے حکومتی سطح (جی ٹو جی) کے متعدد معاہدوں پر دستخط کرنے کے لیے تیار ہیں۔
یہ کئی سالوں کے بعد روسی فیڈریشن کے کسی عہدیدار کا اعلیٰ سطح کا دورہ ہوگا اور 3 جولائی 2024 کو آستانہ (قازقستان) میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان ہونے والی بات چیت کے بعد ہوگا۔
ذرائع کے مطابق روسی نائب وزیراعظم کے ہمراہ روسی حکومت کے متعدد نائب وزرا بھی ہوں گے۔