وفاقی حکومت نے پٹرول کی قیمت میں 10 روپے فی لٹر کمی کردی جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 249 روپے 10 پیسے فی لٹر ہوگئی ہے۔
فنانس ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 13 روپے 6 پیسے کم کرکے 249 روپے 69 پیسے فی لٹر کردی گئی ہے۔
لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 12 روپے 12 پیسے کم ہوکر 141 روپے 93 پیسے اور مٹی کے تیل کی قیمت 11 روپے 15 پیسے کمی سے 158 روپے 47 پیسے ہوگئی۔
تیل کی قیمتوں میں یہ مسلسل چوتھی کمی ہے۔
نئی قیمتوں کا اطلاق آج (16 ستمبر) سے ہوگیا ہے۔قبل ازیں بزنس ریکارڈر نے خبر دی تھی کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان ہے ۔ ابتدائی تخمینوں کے مطابق حکومت 16 ستمبر 2024 سے شروع ہونے والے پندرہ دنوں کے لیے پٹرول کی قیمت میں 11 روپے فی لٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 11.5 روپے فی لٹر کمی پر غور کررہی ہے۔
گزشتہ جائزے میں حکومت نے پٹرول کی قیمت میں ایک روپے 86 پیسے کمی کی تھی جس کے بعد قیمت 259 روپے 10 پیسے فی لٹر ہوگئی تھی۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 3 روپے 32 پیسے کم کرکے 262 روپے 75 پیسے فی لٹر کردی گئی تھی ۔