پاکستان کی پہلی مقامی طور پر تیار کردہ چار پہیوں والی الیکٹرک وہیکل (ای وی) دسمبر میں مارکیٹ میں آنے کے لیے تیار ہے۔ یہ پیش رفت ہفتے کے روز وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت الیکٹرک وہیکل کے استعمال کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کے دوران سامنے آئی۔
حکومتی بیان کے مطابق اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ 2022 سے اب تک دو اور تین پہیوں والی الیکٹرک گاڑیوں کی مقامی پیداوار کے لیے 49 لائسنس جاری کیے جا چکے ہیں جن میں سے 25 فیکٹریوں نے پہلے ہی ان گاڑیوں کی تیاری شروع کر دی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ چار پہیوں والی الیکٹرک گاڑیوں کی مقامی پیداوار کے لیے پہلا لائسنس ستمبر 2024 میں جاری کیا گیا تھا اور پہلی الیکٹرک کار رواں سال دسمبر میں مارکیٹ میں آئے گی۔
الیکٹرک گاڑیاں پاکستان میں ایک بڑھتے ہوئے شعبے کے طور پر ابھری ہیں جو ملک کے آٹوموٹو منظر نامے کو تبدیل کرنے کی نمایاں صلاحیت رکھتی ہیں۔
منگل کے روز دیوان فاروق موٹرز لمیٹڈ (ڈی ایف ایم ایل) نے اپنے اسٹیک ہولڈرز کو مطلع کیا کہ اس نے انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ (ای ڈی بی) سے منظوری حاصل کرنے کے بعد اپنے اسمبلی پلانٹ میں ای وی کی تیاری شروع کردی ہے۔
گزشتہ ماہ چین کی الیکٹرک گاڑیوں کی کمپنی بی وائی ڈی نے پاکستانی مارکیٹ میں آنے اعلان کیا تھا جس کے بعد تقریبا 250 ملین کی آبادی پر مشتمل پاکستان کمپنی کی نئی مارکیٹوں میں سے ایک بن گیا ہے۔
دریں اثنا اجلاس کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ الیکٹرک گاڑیوں کے لئے ایک جامع مالیاتی ماڈل پیش کریں۔
انہوں نے کہا کہ الیکٹرک گاڑیاں نہ صرف پٹرول اور ڈیزل کی کھپت کے لحاظ سے قیمتی زرمبادلہ کی بچت کرتی ہیں بلکہ یہ گاڑیاں ماحول دوست بھی ہوں گی۔
وزیراعظم نے الیکٹرک وہیکلز پالیسی کو نومبر تک حتمی شکل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے پاکستان میں ای وی مینوفیکچرنگ سے متعلق لائسنسنگ ریگولیشنز میں بہتری لانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ ای وی پالیسی کے حوالے سے تمام صوبوں، وفاقی اداروں اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ضروری مشاورت ہونی چاہیے۔
حکومت کی لیپ ٹاپ اسکیم کی طرز پر سرکاری اسکولوں میں اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء میں ای موٹر بائیکس تقسیم کی جائیں گی۔
وزیراعظم نے کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو اسلام آباد میں پبلک ٹرانسپورٹ کو الیکٹرک وہیکلز میں تبدیل کرنے کیلئے جامع منصوبہ تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔
حکام نے موٹرویز، جی ٹی روڈ (نیشنل ہائی وے)، این 65 اور این 70 پر ترجیحی بنیادوں پر الیکٹرک گاڑیوں کے ریچارج اسٹیشن ز قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
اس سے پہلے یہ خبر آئی تھی کہ ای وی چارجنگ اسٹیشنوں کے معیار کا مسودہ وزارت توانائی نے تیار کیا تھا جس میں حکومت انہیں سستی بجلی فراہم کرنے پر غور کررہی ہے۔