گلوبل سائبر سیکیورٹی انڈیکس میں پاکستان ٹاپ 40 ممالک میں شامل

14 ستمبر 2024

انٹرنیشنل ٹیلی کمیونیکیشن یونین (آئی ٹی یو) کی جانب سے جاری کردہ گلوبل سائبر سیکیورٹی انڈیکس (جی سی آئی) 2024 میں پاکستان ٹاپ 40 ممالک میں شامل ہوگیا ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان نے عالمی سائبر سیکیورٹی انڈیکس (جی سی آئی) 2024 میں ٹائر-1 (رول ماڈلنگ) کی درجہ بندی حاصل کرلی ہے اور اب یہ عالمی سطح پر 40 بہترین ممالک میں شامل ہے۔ یہ انڈیکس بین الاقوامی ٹیلی کمیونیکیشن یونین (آئی ٹی یو) کی طرف سے جاری کیا گیا ہے۔

اس سے قبل پاکستان اس انڈیکس میں 79 ویں نمبر پر تھا۔

پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ایک پریس ریلیز میں کہا کہ یہ پیش رفت ملک بھر میں، خاص طور پر آئی ٹی اور ٹیلی کام کے شعبوں میں سائبر سیکورٹی کو مضبوط بنانے کے لئے پاکستان کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن (ایم او آئی ٹی ٹی)، پی ٹی اے اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کا اس کامیابی میں کلیدی کردار ہے۔

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ سائبر سیکیورٹی کو بڑھانے کے لیے بڑے اقدامات میں سائبر سیکیورٹی پالیسی، سی ای آر ٹی رولز، کریٹیکل ٹیلی کام ڈیٹا اینڈ انفرااسٹرکچر سیکیورٹی ریگولیشنز (سی ٹی ڈی آئی ایس آر)، سائبر سیکیورٹی اسٹریٹجی اور ٹیلی کام سیکٹر میں باقاعدگی سے سائبر سیکیورٹی آڈٹ شامل ہیں۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ نیشنل ٹیلی کام سیکیورٹی آپریشن سینٹر (ایس او سی) اور نیشنل ٹیلی کام سی ای آر ٹی کے قیام نے معلومات کے تبادلے، واقعات سے نمٹنے اور ریپڈ رسپانس کوآرڈینیشن کے ذریعے پاکستان کی سیکیورٹی پوزیشن کو مزید بہتر بنایا ہے۔

ان کوششوں اور مقامی ٹیلی کام آپریٹرز کی جانب سے بین الاقوامی سائبر سیکیورٹی معیارات کی پاسداری نے سائبر خطرات کے خلاف پاکستان کے دفاع کو مضبوط کیا ہے۔

وزارت دفاع اور پی ٹی اے پاکستان کیلئے محفوظ سائبر اسپیس کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

Read Comments