نجی پاوراینڈانفرااسٹرکچر بورڈ (پی پی آئی بی) نے اعلان کیا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) فریم ورک کے تحت 1.7 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے قائم 884 میگاواٹ کے سوکی کناری ہائیڈرو پاور پراجیکٹ نے کامیابی کے ساتھ اپنا ریلائیبلٹی رن ٹیسٹ (آر آر ٹی) پاس کرلیا ہے۔
منیجنگ ڈائریکٹر پی پی آئی بی کے مطابق پاور سیکٹر میں نجی سرمایہ کاری کے ون ونڈو سہولت کار نے چینی اسپانسرز (انرجی چائنا)، چین اور پاکستان کی حکومت، چینی مالیاتی اداروں، پاکستانی تنظیموں اور دیگر تمام اسٹیک ہولڈرز کو مبارکباد پیش کی جنہوں نے اس منصوبے کو حقیقت کا روپ دینے کیلئے ایک مضبوط ٹیم کے طور پر سخت محنت کی۔
انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی نہ صرف تکنیکی مہارت کی نمائندگی کرتی ہے بلکہ پاکستان کی پائیدار توانائی اور ماحولیاتی سرپرستی کے عزم کو بھی ظاہر کرتی ہے۔ اس پروجیکٹ سے سالانہ تقریباً 3 ارب یونٹس کی مقامی، صاف، سبز اور قابل تجدید توانائی فراہم ہوگی، جو گھروں کو روشن کرے گی، صنعتوں کو توانائی فراہم کرے گی اور پاکستان میں ترقی کو آگے بڑھائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بہت سے دیگر ہائیڈرو پاور منصوبوں کی طرح سکی کناری ایچ پی پی بھی اپنی ترقی کے دوران متعدد نشیب و فراز سے گزرا لیکن پی پی آئی بی کے سہولت کار کردار اور اسٹیک ہولڈرز کی فعال حمایت کے تحت بالآخر یہ منصوبہ کامیابی کے ساتھ اپنے ’ریلائیبلٹی رن ٹیسٹ‘ کو پاس کرنے کے بعد مکمل ہوا ہے۔
چند روز قبل ایم ڈی پی پی آئی بی نے تجویز پیش کی تھی کہ 884 میگاواٹ کے سکی کناری ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا افتتاح کمرشل آپریشن ڈیٹ (سی او ڈی) کے حصول تک ملتوی کردیا جائے۔
پروجیکٹ کمپنی نے 6 ستمبر 2024 کو ایک ای میل کے ذریعے آگاہ کیا کہ پاور پرچیز ایگریمنٹ (پی پی اے) کی دفعہ 8.3 کے تحت سکی کناری ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کیلئے آر آر ٹی 30 اگست 2024 کو شروع ہوا تھا۔
قبل ازیں ایم ڈی پی پی آئی بی نے دعویٰ کیا تھا کہ آر آر ٹی کو مسلسل 168 گھنٹے (7 دن) چلانے کی ضرورت ہوتی ہے جس کی وجہ سے کمرشل آپریشن کی تاریخ حاصل ہوتی ہے، تاہم ٹیسٹنگ کے ساتویں دن بجلی پیدا کرنے والے چار یونٹوں میں سے ایک نے ٹرپ کیا، اور اس وجہ سے آر آر ٹی کو روک دیا گیا۔ نتیجتا ، آر آر ٹی کامیابی سے مکمل نہیں ہوسکا۔
کمپنی نے نوٹ کیا کہ آر آر ٹی کا ٹیسٹ اسی دن، 6 ستمبر 2024 کو دوبارہ شروع کیا جائے گا اور اس کا اختتام جمعہ، 13 ستمبر 2024 کو متوقع ہے، جو کہ مکمل ہو گیا ہے۔
کمپنی نے وزیراعظم کو 12 ستمبر کو پروجیکٹ کا افتتاح کرنے کے لیے مدعو کیا تھا، لیکن پی پی آئی بی کے منیجنگ ڈائریکٹر نے تجویز پیش کی کہ 12 ستمبر 2024 کو متعین افتتاحی تقریب کو سی او ڈی حاصل ہونے تک مؤخر کردیا جائے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024