ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے خیبر پختونخوا میں سڑکوں کی بحالی، دیہی علاقوں میں محفوظ اور ہر موسم میں کنکٹیوٹی کو بڑھانے کے لیے 320 ملین ڈالر کے قرض کی منظوری دے دی ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق خیبر پختونخوا رورل روڈز ڈیولپمنٹ پراجیکٹ صوبے میں تقریبا 900 کلو میٹر دیہی سڑکوں کو اپ گریڈ کرے گا جو سیلاب کا شکار ہیں اور خراب حالت میں ہیں۔
“یہ اہم راستوں کا احاطہ کرتے ہیں جو دور دراز کی برادریوں کو تعلیم، صحت کی دیکھ بھال اور بازاروں سے جوڑتے ہیں۔ اس منصوبے میں موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے والے ڈیزائن، روڈ سیفٹی میں اضافے اور پائیدار دیکھ بھال کے طریقوں کو شامل کرنے کے اقدامات شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ روڈ ٹرانسپورٹ عوام کے لئے لائف لائن اور پاکستان میں سماجی و اقتصادی ترقی کا ایک اہم جزو ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے ڈائریکٹر جنرل برائے وسطی اور مغربی ایشیا ییوگینی زوکوف نے کہا کہ انفرااسٹرکچر کے اس اہم منصوبے سے سفر کرنے کے وقت میں کمی آئے گی، نقل و حمل کے اخراجات میں کمی آئے گی اور خیبر پختونخوا کے لاکھوں رہائشیوں کے لیے معاشی مواقع تک رسائی میں اضافہ ہوگا۔
“مارکیٹوں اور خدمات تک بہتر رسائی فراہم کرکے، ہم مقامی برادریوں کو بااختیار بنا رہے ہیں اور پاکستان کے سب سے پسماندہ علاقوں میں سے ایک میں جامع معاشی ترقی کو آگے بڑھا رہے ہیں۔
اے ڈی بی نے کہا کہ یہ منصوبہ حکومت کو طویل مدتی اہدافی مداخلت کی تیاری میں مدد کے لئے تکنیکی اور مالی مدد فراہم کرے گا جس سے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے اور صوبے کے روڈ نیٹ ورک کی پائیداری میں اضافہ ہوگا۔
اے ڈی بی کے سینئر ٹرانسپورٹ سپیشلسٹ سیونگ ہیون کم نے کہا کہ “اے ڈی بی ترجیحی سڑکوں کی نشاندہی کے لئے صوبے بھر میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے سیلاب کے خطرے کے بارے میں ایک جامع مطالعہ کرنے میں حکومت کی مدد کرے گا۔
”ہم دو سیاحتی سڑکوں کے آپریشن اور دیکھ بھال کے لئے رعایتی معاہدوں کی تیاری میں حکومت کی حمایت کریں گے، جو سڑکوں کے نیٹ ورک کی پائیداری میں کردار ادا کریں گے.“
اے ڈی بی نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ کے پی کے کے کچھ حصوں میں سالانہ بارشوں اور درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور مستحکم بنیادی ڈھانچے کی کمی نے لوگوں اور معاش پر آفات کے اثرات کو بڑھا دیا ہے۔