پاکستان کے لیے ایپل کے مجاز ڈسٹری بیوٹر جی این ای ایکس ٹی ٹیکنالوجیز نے اسمارٹ فون بنانے والی کمپنی ایئر لنک کمیونی کیشنز لمیٹڈ کو ملک میں اپنا پریمیم پارٹنر مقرر کیا ہے۔
ایئر لنک نے جمعرات کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو جاری کردہ ایک نوٹس میں بتایا، “اس اسٹریٹجک تقرری کا مقصد اسٹرکچرڈ ریٹیل چینل کوریج کے ذریعے ایپل کی مصنوعات کی دستیابی کو نمایاں طور پر بڑھانا ہے۔
جی این ای ایکس ٹی ٹیکنالوجیز کے سی ای او شاہد خان نے کہا کہ “ہم ایئر لنک کمیونیکیشن لمیٹڈ کو خوش آمدید کہتے ہیں، جو صنعت میں ایک قابل اعتماد نام ہے۔
انہوں نے کہا کہ “ان کا وسیع ری سیلر چینل نیٹ ورک ایپل کی مصنوعات کو پاکستان میں زیادہ سے زیادہ ناظرین کے لئے قابل رسائی بنانے کے ہمارے وژن سے مکمل طور پر مطابقت رکھتا ہے۔
دریں اثنا ایئر لنک کمیونیکیشن لمیٹڈ کے سی ای او مظفر حیات پراچہ نے کہا کہ “ہم جی این ای ایکس ٹی ٹیکنالوجیز کے ساتھ ان کے پریمیم پارٹنر کی حیثیت سے مل کر کام کرنے پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ ایپل کی مصنوعات معیار اور جدت طرازی کے مترادف ہیں، اور ہم اپنے صارفین کو بہترین ممکنہ تجربہ پیش کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔
کمپنی کے بیان کے مطابق جی این ای ایکس ٹی ٹیکنالوجیز اور ایئر لنک کمیونیکیشن لمیٹڈ تازہ ترین اقدام کے ذریعے پاکستان بھر میں مجاز ریٹیلر کا نیٹ ورک قائم کرنے کے لئے اپنی مشترکہ صلاحت سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔
یہ اس بات کو یقینی بنائے گا کہ صارفین کو آئی فونز، آئی پیڈز، میک بکس، ایپل واچز اور لوازمات سمیت ایپل کی مصنوعات کی وسیع رینج تک آسان رسائی حاصل ہو۔
ایئر لنک کے تازہ ترین مالی نتائج کے مطابق 30 جون 2024 کو ختم ہونے والے مالی سال کے دوران کمپنی کا بعد از ٹیکس منافع (پی اے ٹی) 382 فیصد اضافے کے ساتھ 4.625 ارب روپے رہا۔
اس سے قبل کمپنی نے اعلان کیا تھا کہ وہ اکتوبر میں لاہور میں اپنے پیداواری مرکز میں شیاؤمی اسمارٹ ٹی وی کی پیداوار کا آغاز کرے گی۔
پاکستان 240 ملین باشندوں کا گھر ہے، جن میں سے اکثریت نوجوان اور ٹیکنالوجی سے واقف ہے، پاکستان حالیہ برسوں میں ٹیکنالوجی کے بڑے اداروں کے لئے ایک اعلی امکانی مارکیٹ کے طور پر ابھرا ہے.
گزشتہ ہفتے عالمی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے پاکستان میں پانچ لاکھ کروم بکس تیار کرنے کا منصوبہ شروع کیا تھا۔
ایپل کی جانب سے رواں ہفتے کے اوائل میں اپنے طویل عرصے سے انتظار کیے جانے والے آئی فون 16 کی رونمائی کے بعد یہ پیش رفت سامنے آئی ہے، امید ہے کہ نئے فیچرز صارفین کو اسمارٹ فونز کی فروخت میں سست روی کے دوران اپ گریڈ کرنے پر مجبور کریں گے، جو اس کی کل فروخت کا نصف سے زیادہ ہے۔
آئی فون 16 اور 16 پلس کی قیمت وہی ہوگی جو ان کے پچھلے ماڈلز کی تھی۔