چین کے ہولن بوئر میں موقی ہاکی ٹریننگ بیس میں بدھ کے روز پاکستان نے جاپان کو 1-2 سے شکست دے کر ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں اپنی پہلی کامیابی حاصل کرلی۔
اس فتح کے بعد پاکستان 5 پوائنٹس کے ساتھ پول میں دوسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔ بھارت اب بھی تین فتوحات اور 9 پوائنٹس کے ساتھ پول میں سرفہرست ہے۔
ملائیشیا (2-2) اور کوریا (2-2) کے خلاف پہلے دو میچ برابر کرنے کے بعد پاکستان کے پاس ٹائٹل کی دوڑ میں موجود رہنے کا واحد امکان جاپان کیخلاف فتح تھی۔
اس مقابلے کی اہمیت کو جانتے ہوئے پاکستان نے شاندار کاکردگی کا مظاہرہ کیا اور پہلے دو کوارٹرز میں 2 گول کی برتری حاصل کرلی۔
کئی کوششوں کے بعد میچ کے دسویں منٹ میں احمد ندیم نے پاکستان کی جانب سے پہلا گول کیا جبکہ سفیان خان نے 21 ویں منٹ میں برتری دگنی کر دی۔
تاہم جاپان کی جانب سے میچ کے 28ویں منٹ میں کپتان رائکی فوجیشیما نے پینلٹی کارنر پر گول کر کے گول کر دیا میچ میں واپسی کی۔
دونوں ٹیموں نے اگلے دو کوارٹرز میں جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور گول کرنے کی کئی کوششیں کیں۔ پاکستان نے مخالف گول پوسٹ پر 7 جبکہ جاپان نے 6 حملے کیے تاہم مزید کامیابی نہ مل سکی۔
آخری کوارٹر میں پاکستان نے شاندار دفاعی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جاپان کے 12 پینلٹی کارنرز روکے۔ چوتھے کوارٹر میں گیند پر جاپانی ٹیم کا زیادہ غلبہ رہا تاہم وہ گرین شرٹس کا دفاع توڑنے میں ناکام رہی۔
گرین شرٹس اب جمعرات (کل) کو میزبان چین کا مقابلہ کریں گے۔