اسٹاک ایکسچینج، کے ایس ای 100 انڈیکس میں 283 پوائنٹس کی کمی

09 ستمبر 2024

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں پیر کے روز اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا اور کے ایس ای 100 انڈیکس 283 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ بند ہوا۔

کے ایس ای 100انڈیکس نے سیشن کا مثبت آغاز کیا اور انٹرا ڈے کی بلند ترین سطح 79,214.28 پر پہنچ گیا۔

تاہم دوسرے ہاف میں بیئرز نے انڈیکس کو دوبارہ 79 ہزار سے نیچے دھکیل دیا۔

اختتام پر بنچ مارک انڈیکس 282.72 پوائنٹس یا 0.36 فیصد کی کمی سے 78,615.00 پر بند ہوا۔

بروکریج ہاؤس اسماعیل اقبال سیکیورٹیز نے اپنی پوسٹ مارکیٹ رپورٹ میں کہا کہ ایکوئٹی مارکیٹ کا اختتام آج منفی نوٹ پر ہوا، بینچ مارک انڈیکس کو پورے سیشن کے دوران اتار چڑھاؤ کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ سرمایہ کاروں کو عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے مثبت خبروں کا انتظار ہے۔

ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے مطابق پیر کے روز اس کمی کی بڑی وجہ ایم ٹی ایل، ایچ یو بی سی، یو بی ایل، ایچ بی ایل اور ایم ای بی ایل ہیں۔

جمعہ کے روز کاروبار کے ابتدائی گھنٹوں کے دوران انڈیکس میں 350 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ہوا تھا جس کے بعد کے ایس ای 100 انڈیکس تقریباً مستحکم رہا۔

عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے 18 ستمبر تک ہونے والے اپنے ایگزیکٹو بورڈ کیلنڈر اجلاس کے ایجنڈے میں پاکستان کو ابھی تک شامل نہیں کیا ہے۔

آئی ایم ایف کی ویب سائٹ کے مطابق آئی ایم ایف نے 9، 13 اور 18 ستمبر کو ہونے والے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کے شیڈول کو اپ ڈیٹ کیا لیکن پاکستان کی جانب سے تقریبا 7 ارب ڈالر کے 37 ماہ کے توسیعی فنڈ سہولت انتظامات (ای ایف ایف) کو ایجنڈے میں شامل نہیں کیا گیا۔

پاکستان کی دوا ساز کمپنی بی ایف بائیو سائنسز لمیٹڈ (بی ایف بی ایل) نے اپنی براؤن فیلڈ توسیع کے لیے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) سے منظوری حاصل کرلی ہے۔

اس پیش رفت سے اس کی پیرنٹ فیروزسنز لیبارٹریز لمیٹڈ نے پی ایس ایکس کو ایک نوٹس کے ذریعے آگاہ کیا۔

پاکستان کی سب سے بڑی ٹریکٹر مینوفیکچرر ملت ٹریکٹرز لمیٹڈ (ایم ٹی ایل) نے 30 جون 2024 ء کو ختم ہونے والے مالی سال کے دوران 10.64 ارب روپے کا بعد از ٹیکس منافع (پی اے ٹی) ظاہر کیا جو سالانہ تقریبا 167 فیصد اضافہ ہے۔

ایم ٹی ایل کے تازہ ترین مالی نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ کمپنی نے 2023 میں 4 ارب روپے کی مجموعی آمدنی حاصل کی ہے۔

داؤد لارنس پور لمیٹڈ (ڈی ایل ایل) نے بتایا کہ 49.5 میگاواٹ کے ونڈ پاور پلانٹ کے ساتھ ایک انڈیپنڈنٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پی) ٹیناگا جینراسی لمیٹڈ کی آرٹسٹک ملینرز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کو مجوزہ فروخت مقررہ مدت کے اندر شرائط پوری نہ ہونے کی وجہ سے آگے نہیں بڑھے گی۔

قابل تجدید توانائی کے حل میں مصروف کمپنی نے پی ایس ایکس کو ایک نوٹس میں اپنے اسٹیک ہولڈرز کو یہ اطلاع دی۔

دریں اثنا لکی کور انڈسٹریز لمیٹڈ (ایل سی آئی) جسے پہلے آئی سی آئی پاکستان لمیٹڈ کے نام سے جانا جاتا تھا، نے کراچی میں فائزر پاکستان لمیٹڈ کی ملکیت والی مینوفیکچرنگ تنصیب کا حصول مکمل کرلیا۔

پیر کے روز عالمی سطح پر ایشیائی حصص مارکیٹوں میں مندی دیکھی گئی کیونکہ امریکہ اور چین کی ترقی کے بارے میں خدشات نے رجحان کو متاثر کیا ، حالانکہ امریکی اور یورپی اسٹاک فیوچرز میں تیزی دیکھنے میں آئی جبکہ بانڈ کے منافع اپنی نچلی سطح پر آ گئے۔

چینی بلیو چپس 1.0 فیصد گر کر سات ماہ کی کم ترین سطح پر آ گئیں، جو گزشتہ ہفتے پہلے ہی 2.7 فیصد گر چکی ہیں۔

جاپان کے نکی کو ابتدائی فروخت میں گراوٹ کا سامنا رہا کیونکہ ٹیک کمپنیوں کے حصص میں کمی واقع ہوئی اور گزشتہ ہفتے اس میں مزید 0.8 فیصد کمی واقع ہوئی۔

جاپان سے باہر ایشیا بحرالکاہل کے حصص کا ایم ایس سی آئی کا وسیع ترین انڈیکس گزشتہ ہفتے 2.25 فیصد کمی کے بعد 1.2 فیصد گر گیا جبکہ جنوبی کوریا کی مارکیٹ میں 0.2 فیصد کی گراوٹ آئی۔

جمعے کے روز ہونے والی مندی کے بعد ایس اینڈ پی 500 فیوچرز میں 0.4 فیصد اور نیسڈیک فیوچرز میں 0.6 فیصد اضافہ ہوا۔

آل شیئر انڈیکس کا حجم جمعرات کے روز 743.07 ملین سے کم ہو کر 491.12 ملین رہ گیا۔

Read Comments