ابھی تک پاکستان میں کہیں بھی آرامکو کی کوئی سائٹ قائم نہیں کی گئی ہے اور مناسب وقت پر اس حوالے سے باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔
یہ بات گیس اینڈ آئل پاکستان لمیٹڈ (گو) کے چیف آپریٹنگ آفیسر ذیشان طیب نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی گمراہ کن تصویر اور خبروں کے جواب میں کہی۔
پاکستان میں سعودی تیل کی بڑی کمپنی آرامکو کے بزنس پارٹنر گو نے کہا ہے کہ ابھی تک کوئی سائٹ کمیشن نہیں کی گئی ہے اور سوشل میڈیا پر گردش کرتی تصویر پاکستان سے باہر کسی اور سائٹ کی ہے۔
دنیا کی معروف انٹیگریٹڈ انرجی اور کیمیکل کمپنیوں میں سے ایک آرامکو نے رواں سال کے اوائل میں گو پاکستان میں 40 فیصد حصص کا حصول مکمل کیا تھا۔
دسمبر 2023 میں آرامکو نے 40 فیصد ایکویٹی حصص حاصل کرنے کے لیے حتمی معاہدوں پر دستخط کیے تھے۔ یہ حصول آرامکو کا پاکستانی ایندھن کی خوردہ مارکیٹ میں پہلا قدم تھا، جس نے بین الاقوامی سطح پر اپنی ڈاؤن اسٹریم ویلیو چین کو مضبوط بنانے کی حکمت عملی کو آگے بڑھایا۔