داؤد لارنس پور لمیٹڈ (ڈی ایل ایل) نے بتایا ہے کہ ٹیناگا جنراسی لمیٹڈ، جو کہ 49.5 میگاواٹ کی ہوا سے چلنے والی پاور پلانٹ کے ساتھ انڈیپنڈنٹ پاور پروڈیوسر ہے، کی آرٹسٹک ملینرز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کو مجوزہ فروخت مقررہ مدت میں ناقابل عمل شرائط کی وجہ سے آگے نہیں بڑھے گی۔
قابل تجدید توانائی کے حل میں مصروف کمپنی نے پیر کو اسٹاک ایکسچینج کو ایک نوٹس میں اپنے اسٹیک ہولڈرز کو یہ اطلاع دی۔
بیان میں کہا گیا کہ داود لارنس پور لمیٹڈ نے آرٹسٹک ملینرز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے ساتھ اپنے ذیلی ادارے، ٹیناگا جنراسی، کی فروخت کیلئے شیئر خریداری معاہدہ (ایس پی اے) کیا تھا۔
اسٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے نوٹس میں کمپنی نے کہا کہ ہم آپ کو مطلع کرنا چاہتے ہیں کہ معاہدے کی تکمیل کیلئے درکار شرائط مقررہ مدت میں پوری نہیں کی جاسکیں۔ کمپنی کی جانب سے معاہدے کو آگے بڑھانے کی کوششوں کے باوجود خریدار نے آگے نہ بڑھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
فروری میں ڈی ایل ایل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ٹی جی ایل میں اپنی پوری شیئر ہولڈنگ کی فروخت کیلئے دنیا کے سرفہرست ڈینم مینوفیکچررز میں سے ایک آرٹسٹک ملینرز (پرائیوٹ) لمیٹڈ کے ساتھ ایس پی اے کیا تھا۔
اس فروخت میں 227,027,613 حصص شامل تھے جو ٹیناگا جینراسی لمیٹڈ کے واجب الادا ادا شدہ سرمائے کا 75 فیصد ہے جس میں ٹی جی ایل کے ڈائریکٹرز کے5 حصص بھی شامل ہیں۔
جون میں مسابقتی کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے آرٹسٹک ملینرز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کو ٹی جی ایل کے 100 فیصد حصص کے حصول کی منظوری دی تھی۔
ملائیشین کمپنی ٹی جی ایل کو 2004 میں پاکستان میں 50 میگاواٹ کا ونڈ پاور پلانٹ لگانے کے لیے شامل کیا گیا تھا۔ اس منصوبے کے لیے کمپنی کو سندھ کے ضلع گھارو میں 1200 ایکڑ زمین الاٹ کی گئی تھی۔ نیپرا نے ٹی جی ایل کو جنریشن لائسنس جاری کیا جس کی ابتدائی مدت 20 سال ہے۔
جنوری 2008 میں، کمپنی نے پاکستان سے نکلنے کا فیصلہ کیا، اور ٹی جی ایل کو داود لارنس پور لمیٹڈ (ڈی ایل ایل) نے خرید لیا، جو کہ ٹی جی ایل میں 75 فیصد حصص کا مالک تھا، جبکہ باقی حصص بین الاقوامی مالیاتی کارپوریشن (آئی ایف سی)، جو کہ ورلڈ بینک گروپ کا رکن ہے، کے پاس تھے۔