وفاقی چیمبر کے بزنس مین پینل (بی ایم پی) نے فیول ایڈجسٹمنٹ کے بہانے بجلی نرخ میں مسلسل اضافے کی مذمت کی جس سے پیداواری لاگت مسلسل بڑھ رہی ہے اور تجارت و صنعت کی پہلے سے ہی بلند لاگت میں اضافہ ہوا ۔
ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر اور بی ایم پی کے چیئرمین میاں انجم نثار نے عالمی مارکیٹ میں مقابلہ کرنے کیلئے مقامی صنعتوں کیلئے مساوی توانائی کے نرخوں کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بجلی نرخ میں مسلسل اضافے کی وجہ سے بجلی کی چوری بھی عروج پر ہے کیونکہ ٹیرف صارفین کے لئے ناقابل برداشت ہوگیا ہے۔
ایک اجلاس میں انہوں نے چھوٹی صنعت کو موجودہ اقتصادی بحران سے نمٹنے کے لیے کئی سفارشات پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف بیانات کافی نہیں ہوں گے جب تک حکومت ٹھوس اقدامات نہیں کرتی، جن میں ایندھن کی قیمتوں میں بڑی کمی، کلیدی پالیسی ریٹ کو ایک ہندسوں میں لانا، علاقائی سطح پر مسابقتی توانائی کی قیمتیں اور ڈیوٹیز و ٹیکسز میں بڑی کٹوتی شامل ہیں۔
یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ اسٹیٹ بینک نے چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کیلئے کئی بار فنانسنگ اسکیم متعارف کرائی ہے، جس سے وہ بغیر ضمانت کے قرضے حاصل کرسکتے ہیں لیکن اس پر کبھی بھی اس کی حقیقی روح کے مطابق عمل درآمد نہیں کیا گیا۔
یہ اسکیم حکومت کے تعاون سے ایس ایم ایز کی فنانس تک رسائی کو بہتر بنانے کے لئے شروع کی گئی تھی اور اس کا مقصد ایسے کاروباری اداروں کو قابل بنانا تھا جو بینک فنانس تک رسائی حاصل کرنے کے لئے سیکورٹی یا ضمانت کی پیش کش نہیں کرسکتے ہیں۔
بی ایم پی اور پیاف کا اجلاس حکومت کی اقتصادی پالیسیوں پر تبادلہ خیال کرنے کیلئے منعقد کیا گیا۔ اجلاس صنعتی پہیے کو چلانے کیلئے ٹھوس اقدامات کا مطالبہ کیا گیا، خاص طور پر ایس ایم ایز کیلئے ، جس سے چھوٹی اور درمیانی درجے کی صنعتوں سے وابستہ لاکھوں لوگوں کے ذریعہ معاش کو بچایا جاسکتا ہے۔
بی ایم پی چیئرمین نے مرکزی بینک پر زور دیا کہ وہ کم سے کم مارک اپ شرح کے ساتھ نرم قرض کا اعلان کرے ، خاص طور پر ایس ایم ایز کے لئے تاکہ وہ اپنے کاروباروں کو سہارا دے سکیں۔
بزنس مین پینل نے امپورٹ ڈیوٹی میں نمایاں کمی اور سیلز ٹیکس، انکم ٹیکس اور اضافی انکم ٹیکسز میں چھوٹ کا مطالبہ کیا جو بحران کی اس گھڑی میں بھی وصول کیے جارہے ہیں۔
میاں انجم نثار نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ صنعتی پہیوں کو بالخصوص ایس ایم ایزکو چلانے کے لئے ٹھوس اقدامات کرے تاکہ چھوٹی صنعتوں سے وابستہ لاکھوں مزدوروں کے ذریعہ معاش کو بچایا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ معیشت کو سست شرح نمو کے اثرات سے بچانے کے لیے حکومت کو چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعت کے لیے خصوصی مراعات کا اعلان کرنا چاہیے جو پاکستان کے تقریبا 32 لاکھ کاروباری اداروں میں سے 90 فیصد سے زائد کی نمائندگی کرتی ہے، جی ڈی پی میں 40 فیصد حصہ ڈالتی ہے، 80 فیصد سے زائد غیر زرعی افرادی قوت کو روزگار دیتی ہے اور 25 فیصد برآمدی آمدنی پیدا کرتی ہے۔
انجم نثار نے کہا کہ سستی بجلی کی فراہمی سے پیداواری لاگت کو کم کرنے میں مدد ملے گی جس سے عوام کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی درآمدات اور بڑھتے تجارتی خسارے نے معاشی ترقی کے لئے سنگین خطرہ پیدا کیا ہے اور اس سے فوری طور پر نمٹنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیداواری لاگت میں مسلسل اضافے کی وجہ سے ملکی معیشت کو مستقل اور مستحکم معاشی انتظام کی ضرورت ہے۔ انہوں نے حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے معاشی اصلاحات کریں اور کاروبار کرنے میں آسانی کی سطح کے لئے ریگولیٹری ماحول کو بہتر بنائیں تاکہ طویل مدت میں مالی استحکام حاصل کیا جا سکے۔
ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر نے کہا کہ ہمیں ایس ایم ای سیکٹر کے لئے کیش فلو مینجمنٹ کے لئے سپورٹ پر اپنی توجہ مرکوز رکھنی چاہئے ۔
انہوں نے تجویز پیش کی کہ حکام کو طلب میں بہتری لانے کے لیے سیلز ٹیکس کو کم از کم 10 فیصد تک کم کرنا چاہیے، اس کے علاوہ ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے بلا سود قرضوں کا اعلان بھی کیا جائے۔
میاں انجم نثار نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ پانچ سال کے دوران تمام حکومتوں نے مقامی اخراجات کو پورا کرنے کے لئے بڑے پیمانے پر قرضے لیے جس سے پاکستان کے غیر ملکی قرضوں کے بوجھ میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے، بجائے اس کے کہ پاکستان کے ایز آف ڈوئنگ بزنس انڈیکس کی درجہ بندی کو بہتر بنانے کے لئے سنجیدہ کوششیں کی جائیں کیونکہ یہ غیر ملکی اور مقامی سرمایہ کاری اور اعلی معاشی ترقی کو راغب کرنے کے لئے ضروری ہے۔
انہوں نے کاروبار کرنے کی لاگت کو کم کرنے کے علاوہ پرائس کنٹرول کا نیا طریقہ کار وضع کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا کیونکہ بھاری ٹیکس، تیل کی بڑھتی قیمتوں اور بجلی و گیس کے نرخوں میں مسلسل اضافے نے افراط زر کو دہائیوں کی بلند ترین سطح پر پہنچا دیا ہے۔
بی ایم پی سربراہ نے حکام کو متنبہ کیا کہ بلند افراط زر معاشی ترقی کو نقصان پہنچا سکتا ہے اور اسے قابو میں رکھنے کے لئے محتاط پالیسی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی رفتار ایسے وقت میں آسمان کو چھو رہی ہے جب معاشی سرگرمیاں سست روی کا شکار ہیں۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024