واپڈا: چشمہ لفٹ کینال پراجیکٹ پر تعمیراتی کام کیلئے حکمت عملی تیار

09 ستمبر 2024

واٹر اینڈ پاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) چشمہ لفٹ کینال پراجیکٹ پر تعمیراتی کام کے آغاز کے لیے حکمت عملی تیار کررہی ہے۔

یہ بات جنرل منیجر واپڈا نارتھ شفیق خان بٹنی نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کے دوران کہی۔

جی ایم واپڈا نارتھ نے کہا کہ سی ایل سی منصوبے پر تعمیراتی کام شروع کرنے کیلئے حکمت عملی تیار کی جارہی ہے اور اس مقصد کیلئے چشمہ رائٹ بینک کینال کالونی ڈی آئی خان میں خصوصی ڈائریکٹوریٹ بھی قائم کیا گیا ہے۔

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اس سلسلے میں ہونے والی پیش رفت پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چشمہ لفٹ کینال نہ صرف خیبر پختونخوا کی ترقی کا منصوبہ ہے بلکہ یہ پورے ملک کی ترقی و خوشحالی کا منصوبہ ہے۔

اس منصوبے پر عمل درآمد سے نہ صرف ہزاروں بنجر زمینیں زیر کاشت ہوں گی اور خطے میں سبز انقلاب آئے گا بلکہ پورے پاکستان کی غذائی تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس منصوبے سے نہ صرف کے پی میں بے روزگاری کے خاتمے میں مدد ملے گی بلکہ دیگر ترقیاتی شعبوں میں بھی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ رواں مالی سال کے وفاقی بجٹ میں 19 ارب روپے مختص کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی حکومت کے مشکور ہیں۔

اس سلسلے میں انہوں نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی کاوشوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے اس عمل کو یقینی بنانے میں کردار ادا کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ چشمہ لفٹ کینال پر تعمیراتی کام بھی رواں سال شروع ہوجائے گا۔ ملاقات کے دوران صوبے میں واپڈا سے متعلق دیگر ترقیاتی منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Read Comments