افغان طالبان کی جانب سے ایک بار پھر پاک افغان سرحد پر بِلا اشتعال جارحیت کی گئی اور لوئر کرم شورکو بارڈر پر پاکستانی فورسز کو نشانہ بنایا۔
سیکیورٹی فورسز کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے منہ توڑ جواب دیتے ہوئے 8 افغان طالبان جنگجوؤں کو ہلاک کردیا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ افغان طالبان کی جانب سے ہفتے کو افغانستان سے بھاری ہتھیاروں سے بلا اشتعال فائرنگ کی گئی جس میں پاکستانی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستانی فوج کی جوابی فائرنگ سے افغان طالبان کے بھاری نقصان کی اطلاعات ہیں۔
سیکورٹی فورسز کی جوابی فائرنگ سے 8 افغان طالبان ہلاک اور 16 کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ہلاک ہونے والے افغان طالبان میں 2 اہم کمانڈر خلیل اور جان محمد بھی شامل ہیں۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ سرحدی جھڑپوں کے دوران سیکورٹی فورسز کے متعدد اہلکار بھی زخمی ہوئے۔ دریں اثنا مالی خیل سمیت سرحدی دیہات کی مقامی مساجد سے بھی اعلانات کیے گئے جن میں مقامی لوگوں سے کہا گیا کہ وہ سیکیورٹی فورسز کی مدد کے لیے حملے کو پسپا کرنے کے لیے باہر نکلیں۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024