پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے میں بڑی تبدیلیاں متعارف کرا دی ہیں۔
ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے عمران خان نے پارٹی کے پارلیمانی امور کو اس کی سیاسی سرگرمیوں سے الگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور سینیٹر شبلی فراز کو پارلیمانی ٹیم کی سربراہی کے لیے مقرر کیا گیا ہے جبکہ معروف وکیل سلمان اکرم راجہ نے پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل کا عہدہ سنبھال لیا ہے جو سیاسی معاملات کی نگرانی کے ذمہ دار ہیں۔
مزید برآں رؤف حسن کی سربراہی میں ایک تھنک ٹینک قائم کیا جائے گا جو حکومتی کارکردگی اور انتخابی مسائل پر توجہ مرکوز کرے گا۔ اس ادارے کو ان معاملات پر ایک وائٹ پیپر تیار کرنے کا کام سونپا جائے گا۔
پی ٹی آئی جلسہ ری شیڈول ہونے کی وجہ
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان تقرریوں سے متعلق باضابطہ نوٹیفکیشن کا اعلان آج (اتوار) اسلام آباد میں ہونے والے جلسے میں متوقع ہے۔
دریں اثنا پی ٹی آئی آج (اتوار) اسلام آباد کے علاقے ترنول میں ایک جلسہ کرنے کے لئے تیار ہے جس کے لئے ملک کے ہر حصے سے پی ٹی آئی کے حامیوں کی بڑی تعداد وفاقی دارالحکومت پہنچنا شروع ہوگئی ہے۔
ہفتہ کی شام تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے تحریک تحفظ پاکستان کے چیئرمین محمود خان اچکزئی کے ہمراہ جلسہ گاہ کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ اسلام آباد میں لوگوں کا ایک سمندر جمع ہوگا اور اپنے رہنما عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کریگا۔
انہوں نے کہا کہ کٹھ پتلی حکمرانوں کو اس بار کوئی نہیں بچا سکتا، ہم انصاف چاہتے ہیں کیونکہ ہمارے ووٹ چوری ہوئے اور ہمارے رہنماؤں کو من گھڑت مقدمات میں جیل وں میں ڈالا گیا۔ محمود اچکزئی نے کہا کہ ریلی ہر قیمت پر ہوگی۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024