پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے عمر ایوب کا استعفیٰ قبول کر لیا ہے جس کے بعد ان کی جگہ سلمان اکرم راجہ کو پارٹی کا سیکرٹری جنرل مقرر کردیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں سلمان اکرم راجہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مجھے کوئی شک نہیں کہ سلمان اکرم راجہ بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
اس سے قبل عمر ایوب خان نے سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹ میں آگاہ کیا تھا کہ عمران خان نے 4 ستمبر کو ان کا استعفیٰ قبول کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ جمعرات کو وزیر اعظم عمران خان صاحب سے ملاقات کے دوران میں نے سینیٹر شبلی فراز صاحب سے درخواست کی کہ وہ انہیں بطور پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل میرے استعفے سے آگاہ کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف، سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی کا عہدہ سنبھالنا، اپنی قانونی لڑائی لڑنا اور قومی اسمبلی میں جس حلقے کی نمائندگی کرتا ہوں اس کے مسائل کو دیکھنا میرے لیے بوجھ بن رہاہے تاہم میں پی ٹی آئی کارکن کی حیثیت سے اپنا کام جاری رکھوں گا۔