ریڈیو پاکستان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کا کہناہے کہ پوری قوم کو پاک فضائیہ پر فخر ہے۔
یوم پاک فضائیہ کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے پاک فضائیہ کو اس کی قربانیوں اور پیشہ ورانہ مہارت پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج ہی کے دن 1965 میں پاک فضائیہ نے جرات اور بہادری کی تاریخ رقم کی تھی۔
پاک فضائیہ کے بہادر جوانوں نے تعداد کم ہونے کے باوجود دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ایم ایم عالم نے ایک منٹ کے اندر پانچ طیارے تباہ کر کے دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا تھا۔
دریں اثناء یوم پاک فضائیہ کے موقع پر اپنے ایکس ہینڈل پر ایک پوسٹ میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاک فضائیہ کی غیر معمولی خدمات اور مہارت اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ ہماری فضائی سرحدیں محفوظ ہیں ۔ پاک فضائیہ اپنے عزم اور بہادری سے پاکستان کو ناقابل تسخیر بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
اس سے قبل یوم دفاع کے موقع پر صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے تمام خطرات کے خلاف پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے غیر متزلزل عزم کا اظہار کیا تھا۔
اسی طرح وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ 6 ستمبر پاکستان کی دفاعی تاریخ کا ایک سنہری باب ہے جب پاکستان کی مسلح افواج اور عوام نے متحد ہو کر بزدل دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔
6 ستمبر کو ہر سال پاکستان کے دفاعی دن کے طور پر منایا جاتا ہے تاکہ 1965 میں اس وقت کی یاد کو تازہ کیا جا سکے جب پاکستانی مسلح افواج نے زیادہ تعداد رکھنے والی بھارتی مسلح افواج کے حملے کو ناکام بنا دیا تھا۔