ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے مطابق 5 ستمبر 2024 کو ختم ہونے والے ہفتے کے لیے حساس قیمت انڈیکیٹر (ایس پی آئی) میں 0.15 فیصد کمی ہوئی۔
پی بی ایس کی جانب سے جاری کردہ ایس پی آئی میں بتایا گیا ہے کہ ٹماٹر (14.54 فیصد)، چکن (1.55 فیصد)، گندم کا آٹا (1.31 فیصد)، مرچ پاؤڈر (1.30 فیصد)، ڈیزل (1.23 فیصد)، پیٹرول (0.68 فیصد)، دال مسور (0.59 فیصد)، چینی (0.54 فیصد)، دال ماش (0.49 فیصد) اور کوکنگ آئل (0.41 فیصد) کی قیمتوں میں بڑی کمی دیکھی گئی۔
دوسری جانب پیاز (3.83 فیصد)، دال چنا (1.65 فیصد)، لہسن (1.38 فیصد)، ایل پی جی (0.90 فیصد)، پکے ہوئے دال اور پکا ہوا گائے کا گوشت (0.70 فیصد)، انڈے (0.54 فیصد)، آلو (0.50 فیصد)، چاول باسمتی ٹوٹے (0.34 فیصد) اور جارجیٹ (0.14 فیصد) کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا۔
ہفتے کے دوران 51 اشیاء میں سے 19 (37.25 فیصد) اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ، 13 (25.50 فیصد) اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 19 (37.25 فیصد) اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
بروکریج ہاؤس عارف حبیب لمیٹڈ نے کہا کہ سالانہ کی بنیاد پر 05 ستمبر 2024 کو ختم ہونے والے ہفتے کے لئے ایس پی آئی 14.07 فیصد ریکارڈ کیا گیا، جو 14 اکتوبر 2021 کے بعد سے 3 سال کی کم ترین سطح ہے، جب یہ 12.66 فیصد سالانہ ریکارڈ کی گئی تھی۔
پاکستان میں اب مسلسل چار ہفتوں سے ہفتہ وار مہنگائی میں کمی دیکھی گئی ہے۔
ہفتہ وار یا قلیل مدتی بنیادوں پر افراط زر کا اندازہ لگانے کے لئے ایس پی آئی کو ہفتہ وار بنیاد پر شمار کیا جاتا ہے تاکہ کم وقت میں ضروری اشیاء کی قیمتوں کی اتار چڑھائو کا جائزہ لیا جاسکے تاکہ ملک میں قیمتوں کی صورتحال کا جائزہ لیا جاسکے۔
اگست 2024 ء میں پاکستان میں افراط زر کی شرح سالانہ کی بنیاد پر 9.6 فیصد رہی جو جولائی 2024 کے مقابلے میں کم ہے جب یہ 11.1 فیصد تھی۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعداد و شمار کے مطابق سی پی آئی پر مبنی افراط زر کی شرح تین سال کے عرصے کے بعد سنگل ڈیجٹ میں واپس آ گئی ہے۔
افراط زر میں کمی نے جمعرات کو ہونے والی مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) میں مرکزی بینک کی جانب سے پالیسی ریٹ میں ایک اور کٹوتی کے معاملے کو تقویت دی ہے۔