پاکستان کی دواساز کمپنی بی ایف بائیوسائنسز لمیٹڈ (بی ایف بی ایل) نے لکی کور انڈسٹریز لمیٹڈ (ایل سی آئی) کے ساتھ کنٹریکٹ مینوفیکچرنگ اور سپلائی کا معاہدہ کیا ہے۔
فیروزسنز لیبارٹریز لمیٹڈ، جو بی ایف بائیوسائنسز کی پیرنٹ کمپنی ہے نے بدھ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو جاری کردہ نوٹس میں اس پیش رفت سے آگاہ کیا ۔
نوٹس میں کہا گیا کہ فیروز سنز لیبارٹریز لمیٹڈ کے ماتحت ادارے بی ایف بائیو سائنسز لمیٹڈ (بی ایف بی ایل) نے لکی کور انڈسٹریز لمیٹڈ (ایل سی آئی) کے ساتھ ’ایسوپیس آئی وی 40 ایم جی‘ اور ’ایٹیپرو آئی وی 40 ملی گرام‘ مصنوعات کے لئے کنٹریکٹ مینوفیکچرنگ اور سپلائی کا معاہدہ کیا ہے۔
بی ایف بی ایل ، فیروزسنز لیبارٹریز لمیٹڈ اور ارجنٹینا کی باگو گروپ کے درمیان ایک مشترکہ منصوبہ ہے جو دواسازی کی مصنوعات کی درآمد، مینوفیکچرنگ، مارکیٹنگ اور تقسیم میں مہارت رکھتی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کمپنی نے فیرولین کے نام سے ایک انسانی انسولین کامیابی کے ساتھ لانچ کی تھی۔
کمپنی پی ایس ایکس میں ابتدائی عوامی پیشکش (آئی پی او) کی منصوبہ بندی کررہی ہے جس کا مقصد 55 روپے فی حصص کی فلور قیمت پر 25 ملین حصص جاری کرکے کم از کم 1.375 ارب روپے (4.94 ملین ڈالر) جمع کئے جائیں ۔
کمپنی ہیپاٹائٹس سے متعلق دواؤں (یعنی انٹرفیرون انجکشن) کی مقامی مینوفیکچرنگ میں پیش پیش ہے۔
سال 2020 میں بی ایف بی ایل نے گیلیڈ کے گلوبل پیشنٹ سلوشنز (جی پی ایس) پروگرام کے تحت ریمڈیسیور (کووڈ 19 کے مریضوں کے علاج کے لئے ایک اینٹی وائرل دوا) کی تیاری اور فروخت کیلئے گیلیڈ سائنسز انکارپوریٹڈ کے ساتھ ایک غیر خصوصی لائسنس معاہدے پر عمل درآمد کیا۔
بی ایف بی ایل نے کووڈ 19 مین ریمڈیسیور کو کامیابی سے تیار کیا جس نے مالی سال 2021-2022 میں اس کی ٹاپ لائن میں تقریبا 2 ارب روپے کا حصہ ڈالا۔