عالمی منڈی میں منگل کے روز تیل کی قیمتوں میں 3 فیصد سے زیادہ کمی واقع ہوئی ہے۔ یہ کمی بلومبرگ نیوز کی رپورٹ، جس میں بتایا گیا ہےکہ لیبیا کی پیداوار اور برآمدات کو روکنے والے تنازعے کو حل کرنے کے لئے ایک معاہدہ قریب ہے ، کے بعد واقع ہوئی ہے جس سے قیمتیں سال کے آغاز کے بعد سے اپنی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔
خام تیل کی ممکنہ اضافی سپلائی کی خبر اس وقت آئی جب قیمتیں پہلے ہی کم ہو چکی تھیں کیونکہ چین میں سست اقتصادی نمو کی وجہ سے طلب میں کمی کا خیال ظاہر کیا جا رہا تھا جو کہ دنیا کا سب سے بڑا خام تیل درآمد کرنے والا ملک ہے۔
برینٹ کروڈ کے معاہدے 3.08 ڈالر یا 4 فیصد کم ہو کر 74.44 ڈالر فی بیرل پر ہوئے جو دسمبر کے بعد سب سے کم سطح ہے۔ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کے معاہدے، جو پیر کو امریکی لیبر ڈے کی تعطیل کی وجہ سے طے نہیں ہوئے، 2.55 ڈالر یا 3.5 فیصد کم ہو کر 71.00 ڈالر پر طےپائے جو جنوری کے بعد سب سے کم ترین سطح ہے۔
یو بی ایس کے تجزیہ کار جیووانی سٹونووو کا کہنا ہے کہ یہ فروخت بلومبرگ کی رپورٹ سے جڑی ہوئی ہے جس میں لیبیا کے مرکزی بینکر کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ اس بات کے ’مضبوط‘ اشارے ملے ہیں کہ سیاسی دھڑے معاہدے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔
چھ انجینئروں نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ پیر کے روز لیبیا کی بڑی بندرگاہوں پر تیل کی برآمدات روک دی گئیں اور ملک بھر میں پیداوار میں کمی کر دی گئی جس کے نتیجے میں مرکزی بینک اور تیل کی آمدنی پر کنٹرول پر حریف سیاسی دھڑوں کے درمیان تعطل جاری ہے۔
لیبیا کی نیشنل آئل کارپوریشن (این او سی) نے 2 ستمبر سے اپنی ایل فیل آئل فیلڈ پر فوج کی تعیناتی کا اعلان کیا ہے۔
این او سی نے کہا کہ 28 اگست تک مجموعی پیداوار 591،000 بیرل یومیہ (بی پی ڈی) سے کچھ زیادہ تھی جو 26 اگست کو تقریبا 959،000 بیرل یومیہ تھی۔ کمپنی نے کہا کہ 20 جولائی کو پیداوار تقریبا 1.28 ملین بی پی ڈی تھی۔
لیبیا کی خبر نے قیمتوں میں پہلے ہی موجود کمی کو مزید بڑھا دیا، جو کہ کمزور چینی اقتصادی ڈیٹا سے جڑی ہوئی تھی۔
بروکریج ایکس ایم میں سینئر سرمایہ کاری تجزیہ کار چارلمپوس پسوروس نے کہا کہ ہفتے کے آخر میں توقع سے زیادہ چینی مینوفیکچرنگ پی ایم آئی کی کمزوری نے چینی معیشت کی کارکردگی کے بارے میں خدشات میں اضافہ کیا ہے۔
پیر کے روز چین نے بتایا کہ جولائی میں آٹھ ماہ میں پہلی بار نئے برآمدی آرڈرز میں کمی واقع ہوئی اور اگست میں نئے گھروں کی قیمتوں میں اس سال اضافہ انتہائی سست رفتاری سے ہوا۔
کچھ سپلائی مارکیٹ میں واپس آنے کے لئے تیار ہے کیونکہ اوپیک کے آٹھ ارکان اور ملحقہ ممالک ، جنہیں اوپیک + کے نام سے جانا جاتا ہے ، اکتوبر میں پیداوار میں 180،000 فی بیرل یومیہ اضافہ کرنے والے ہیں۔ صنعت کے ذرائع نے بتایا کہ طلب کے خدشات سے قطع نظر یہ منصوبہ آگے بڑھ سکتا ہے۔
پینمور لیبرم کے تجزیہ کار ایشلے کیلٹی نے کہاکہ یہ دیکھنا باقی ہے کہ اوپیک پلس کے رد عمل سے پہلے قیمتیں کس حد تک کم ہوسکتی ہیں، کیونکہ زیادہ تر کارٹل ممبروں کو بجٹ کو متوازن کرنے کے قریب آنے کے لئے موجودہ سطح سے اوپر قیمتوں کی ضرورت ہوتی ہے۔
پیر کے روز بحیرہ احمر میں یمن کے قریب دو آئل ٹینکروں پر حملے کے بعد مشرق وسطیٰ سے سپلائی کے بہاؤ میں رکاؤٹوں نے قیمتوں بڑھانے کیلئے زیادہ اثر نہیں ڈالا۔ یہ ٹینکرز زیادہ نقصان سے محفوظ رہے۔