ایف بی آر کے محصولات میں کمی

03 ستمبر 2024

رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے 98 ارب روپے کے شارٹ فال کا اعتراف کیا ہے- مجموعی وصولیاں 1 ہزار 456 ارب روپے رہیں جب کہ ہدف 1 ہزار 554 ارب روپے تھا۔ اس کمی کی وجہ سے ملک بھر میں بے چینی کی لہر دوڑ گئی ہے– معاشی ماہرین کے ساتھ ساتھ عام لوگ بھی دو وجوہات کی بنا پر پریشان ہیں۔

ایک یہ کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے بورڈ نے اب تک پاکستان کے توسیعی فنڈ سہولت پروگرام کو شیڈول نہیں کیا ہے، جو قرضوں کی تقسیم کا پیش خیمہ ہے، جس پر 12 جولائی 2024 کو عملے کی سطح کا معاہدہ طے پایا تھا اور اگر ماضی کی ترجیحات پر عمل کیا جائے تو یہ تاخیر یقینی طور پر حکومت کی پیشگی شرائط پر عمل درآمد میں ناکامی کی وجہ سے ہے۔

جب تک آئی ایم ایف اپنی ویب سائٹ پر تفصیلی معاہدے کو اپ لوڈ نہیں کرتا جو ہمیشہ بورڈ کی منظوری کے بعد ہوتا ہے ، ان پیشگی شرائط پر انحصار آئی ایم ایف کے ساتھ ہماری گزشتہ تاریخ کی بنیاد پر حکومتی بیانات یا قیاس آرائیوں پر منحصر ہے۔

اس تناظر میں یہ بات قابل ذکر ہے کہ حکومت نے عوامی طور پر تسلیم کیا ہے کہ وہ دوست ممالک (چین، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات) کی جانب سے مجوزہ بیرونی امداد سے ہدف میں 2 ارب ڈالر کی کمی کو پورا کرنے میں مصروف ہے۔ جیسا کہ حال ہی میں پارلیمانی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ میں گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم بیرون ملک کمرشل بینکنگ سیکٹر سے 4 ارب ڈالر حاصل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جو گزشتہ سال کے دوران منجمد کیا گیا تھا کیونکہ ہائی رسک فیکٹر کے سبب ملک سے سودی ادائگیوں کا مطالبہ معاشی طور پر ناقابل برداشت سطح تک لے جایا گیا تھا۔ ابھی تک یہ واضح نہیں کہ موڈیز اور فچ کی جانب سے حالیہ اپ گریڈ کے بعد سے شرح میں نمایاں کمی آئی ہے یا نہیں، حالانکہ اپ گریڈ ملک کو ہائی رسک کیٹیگری میں رکھتا ہے۔

گزشتہ دو قرض پروگرام – 12 جولائی 2019 کو حاصل کردہ ای ایف ایف اور 30 جون 2023 کو حاصل کردہ نو ماہ کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ – کے دوران حکام کو واضح طور پر بتایا گیا تھا کہ دوست ممالک رول اوور یا اضافی مدد پر راضی نہیں ہوں گے جب تک کہ ملک کے پاس کوئی مؤثر فنڈ پروگرام پر نہ ہو۔

دوسرا؛ پاکستان اس وقت ایک مشکل صورتحال سے دوچار ہے – غیر ملکی کمرشل وعدے حاصل کرنے کے لئے زیادہ شرح منافع کا تقاضا بجٹ میں قرض کی لاگت میں اضافہ کرے گا، جو کہ بجٹ کے مالیاتی خسارے میں اضافہ کرے گا جس کے نتیجے میں ترقی پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

ایف بی آر باقاعدگی سے شرح نمو کی بنیاد پر اپنی وصولیوں میں سالانہ اضافے کا تخمینہ لگاتا ہے - بلند شرح سے ایف بی آر کی وصولیوں میں اضافہ ہوگا اور کم نمو سے وصولیوں میں کمی آئے گی۔

اس طرح، یہ شارٹ فال ممکنہ طور پر 3.6 فیصد متوقع ترقی کی شرح کی عکاسی ہو سکتا ہے (جو اقتصادی ماہرین کے مطابق مبالغہ آمیز سمجھی گئی تھی)، اور یہی عنصر شارٹ فال کا سبب بن سکتا ہے۔

تاہم، یہ نوٹ کرنا بھی متعلقہ ہے کہ ایف بی آر معمول کے مطابق مخصوص ذرائع سے ٹیکس جمع کرنے کی اپنی صلاحیت کو بڑھا چڑھا کر پیش کرتا ہے، جو پھر سال کے آخر میں یا تو ملکی یا بیرونی قرضوں (اگر دستیاب ہوں) کے ذریعے نظرثانی اور ایڈجسٹ کی جاتی ہیں۔ یہ رجحان ایک بلند مہنگائی کی شرح کی وجہ بنتا ہے، جو گزشتہ مالی سال میں 41 فیصد غربت کی سطح کا باعث بنی جس کا موازنہ سب صحارا افریقہ کے معیار سے کیا جاسکتا ہے۔

لیکن عوام کیلئے سب سے زیادہ تشویش کی بات یہ ہے کہ آئی ایم ایف نے گزشتہ 2 قرضوں کے دوران حکومت کے ساتھ طے شدہ محصولات کے اہداف کو ہر قیمت پر پورا کرنے پر زور دیا تھا اور ان اہداف کو پورا کرنے میں ناکامی کی صورت میں متفقہ ہنگامی اقدامات کے نفاذ کا مطالبہ کیا تھا جن میں موجودہ ٹیکس دہندگان پر اضافی ٹیکس لگانے یا ٹیکس نیٹ کو بڑھا کر تاجروں پر ٹیکس عائد کرنا شامل تھا (جو کہ موجودہ حکومت کے لیے بھی ایک چیلنج ہے جیسا کہ پچھلی حکومتوں کے لیے تھا)۔ دوسرے الفاظ میں، آج تشویش یہ ہے کہ یہ کمی اضافی ٹیکسوں کا سبب بن سکتی ہے جو شہری عدم اطمینان کو جنم دے سکتا ہے جو وسیع پیمانے پر پھیل سکتا ہے۔

لہٰذا یہ ضروری ہے کہ حکومت ان ٹیکس اصلاحات پر عمل درآمد شروع کرے جن کا اس نے وعدہ کیا ہے اور آگے بڑھنے کا راستہ یہ ہونا چاہیے کہ صوبائی حکومتوں کی جانب سے مقرر کردہ جنوری 2025 کی ڈیڈ لائن کے بجائے آج امیر زمینداروں کی آمدنی پر ٹیکس لگانا شروع کیا جائے اور سرکاری اداروں کی فروخت یا ان کی تعمیر نو پر انحصار کرنے کے بجائے موجودہ اخراجات میں کمی کی جائے کیونکہ یہ قلیل مدتی عمل نہیں ہے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Read Comments