ایران سے اسمگلنگ: اگست میں پٹرولیم مصنوعات کی فروخت 14 فیصد گرگئی

03 ستمبر 2024

پٹرولیم مصنوعات کی مجموعی فروخت اگست کے دوران 1.22 ملین ٹن رہی جوسالانہ بنیاد پر 14 فیصد کم ہے۔

عارف حبیب لمیٹڈ (اے ایچ ایل) کے مطابق فروخت میں کمی کی وجہ ایران سے اسمگل شدہ پٹرولیم مصنوعات کی دستیابی اور اس عرصے کے دوران زیادہ بارشیں ہیں۔

اگست 2024 کے دوران پٹرول کی کھپت میں سالانہ بنیاد پر 7 فیصد کمی واقع ہوئی اور یہ 0.62 ملین ٹن رہی جو گزشتہ سال کے اسی مہینے میں 0.67 ملین ٹن تھی۔

اسی طرح اگست 2024 کے دوران ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی ترسیل سالانہ بنیاد پر 17 فیصد کم ہو کر 0.46 ملین ٹن رہ گئی۔ دریں اثنا فرنس آئل (ایف او) کی فروخت کا حجم 45 فیصد کم ہو کر 0.06 ملین ٹن تک پہنچ گیا جب کہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں یہ 0.12 ملین ٹن تھا۔

اگست کے دوران ماہانہ بنیاد پر پی او ایل مصنوعات کی طلب میں 2 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا جبکہ جولائی میں یہ تعداد 1.2 ملین ٹن تھی۔

رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران مجموعی پٹرولیم مصنوعات کی فروخت 12 فیصد کم ہو کر 2.41 ملین ٹن رہی جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 2.76 ملین ٹن تھی۔

مصنوعات کے لحاظ سے اعداد و شمار نے تمام زمروں میں کمی ظاہر کی۔ ایم ایس، ایچ ایس ڈی اور ایف او کی پیداوار بالترتیب 1.22 ملین ٹن، 0.92 ملین ٹن اور 0.14 ملین ٹن رہی، جو 8 فیصد، 12 فیصد اور 46 فیصد کی کمی کو ظاہر کرتی ہے۔

کمپنی کے لحاظ سے پی ایس او کی طلب میں اگست 2024 میں 27 فیصد کی کمی سے 0.53 ملین ٹن رہی۔

دوسری جانب اٹک پٹرولیم لمیٹڈ (اے پی ایل) اور شیل پٹرولیم لمیٹڈ (ایس ایچ ای ایل) کی فروخت میں بالترتیب 24 فیصد اور 6 فیصد سالانہ کمی ریکارڈ کی گئی۔

تاہم حیسکول کی فروخت میں سالانہ بنیاد پر 18 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔

Read Comments