اسمارٹ فون بنانے والی پاکستان کی کمپنی ایئر لنک کمیونیکیشن لمیٹڈ کا بعد از ٹیکس منافع (پی اے ٹی) 30 جون 2024 کو ختم ہونے والے مالی سال کے دوران 382 فیصد اضافے کے ساتھ 4.625 ارب روپے رہا۔
پیر کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو فراہم کیے گئے کمپنی کے تازہ ترین مالیاتی گوشواروں کے مطابق کمپنی نے گزشتہ سال 960.5 ملین روپے کا بعد از ٹیکس منافع حاصل کیا۔
مالی سال 24 میں فی حصص آمدنی (ای پی ایس) 11.70 روپے رہی جبکہ مالی سال 23 میں فی حصص آمدنی 2.50 روپے تھی۔
منافع میں اضافے کی وجہ مالی سال 2024 کے دوران پیدا ہونے والی زیادہ آمدنی کو قرار دیا جاسکتا ہے۔
کمپنی نے مالی سال 24 میں 129.74 ارب روپے کی آمدنی حاصل کی جو گزشتہ سال کے 36.93 ارب روپے کے مقابلے میں 250 فیصد سے زیادہ ہے۔
نتیجتاً کمپنی مالی سال 24 میں 9.8 ارب روپے کا مجموعی منافع حاصل کرنے میں کامیاب رہی جبکہ گزشتہ سال یہ 3.5 ارب روپے تھا۔
معاہدوں سے حاصل ہونے والی آمدنی میں بڑے پیمانے پر اضافے کے باوجود کمپنی کے انتظامی اور آپریٹنگ اخراجات میں مالی سال 24 میں صرف 31 فیصد اضافہ ہوا، جو993.46 ملین روپے تک پہنچ گئے جو گزشتہ سال 760.22 ملین روپے تھے۔
کمپنی نے مالی سال 24 میں 8.5 ارب روپے کا آپریٹنگ منافع کمایا۔
مالی سال 24 میں فنانس لاگت بڑھ کر 2.97 ارب روپے ہوگئی جو گزشتہ سال 1.83 ارب روپے تھی۔
ایئر لنک کا قبل از ٹیکس منافع مالی سال 24 میں 5.6 ارب روپے رہا جو مالی سال 23 میں 867.97 ملین روپے تھا۔
مالی سال 24 میں کمپنی نے ٹیکس کی مد میں 977 ملین روپے ادا کیے جبکہ گزشتہ سال یہ رقم 92 ملین روپے تھی۔
اس کے علاوہ کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ وہ اگلے ماہ لاہور میں اپنے پیداواری مرکز میں شیاؤمی اسمارٹ ٹی وی کی پیداوار شروع کرے گی۔