نشاط گروپ کی فلیگ شپ کمپنی نشاط ملز لمیٹڈ (این ایم ایل) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے برطانیہ میں پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی قائم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
لسٹڈ کمپنی نے پیر کو اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو جاری کردہ ایک نوٹس میں اپنے اسٹیک ہولڈرز کو اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔
نوٹس میں کہا گیا کہ نشاط ملز لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے متحدہ عرب امارات (یواےای) میں کمپنی کی مکمل ملکیتی ذیلی کمپنی نشاط انٹرنیشنل ایف زیڈ ای کے ذریعے برطانیہ میں ایک پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی کے قیام کی منظوری دی ہے۔
کمپنی کے مطابق اس قیام کا انحصار تمام متعلقہ قانونی منظوریوں کے حصول اور تمام قابل اطلاق قوانین کی تعمیل میں ہے۔
نشاط گروپ کی فلیگ شپ کمپنی نشاط ملز لمیٹڈ 1951 میں قائم کی گئی تھی۔ پاکستان میں سب سے بڑی عمودی طور پر مربوط کمپنیوں میں سے ایک ہونے کے ناطے کمپنی اسپننگ، ویونگ، پرنٹنگ، ڈائینگ، بلیچنگ، ، سلائی اور ملبوسات کے کاروبار میں مصروف ہے۔ نشاط ملز لمیٹڈ خام کپاس اور مصنوعی فائبر سے بنے دھاگے، لینن اور دیگر مصنوعات کا کاروبار کرتی ہے۔
کمپنی بجلی پیدا کرنے اور فراہم کرنے کے کاروبار میں بھی مصروف ہے۔
نشاط ملز لمیٹڈ کے تازہ ترین مالی نتائج کے مطابق مالی سال 24 کے نویں ماہ کے دوران کمپنی کا بعد از ٹیکس منافع 51.98 فیصد کم ہو کر 5.35 ارب روپے رہ گیا جس کی بنیادی وجہ مالی لاگت میں نمایاں اضافہ اور گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں رواں عرصے کے دوران سپر ٹیکس کی زائد شرح کا نفاذ ہے۔
اس وقت کمپنی نے کہا تھا کہ عالمی اقتصادی سست روی نے بین الاقوامی مارکیٹ میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی طلب کو کم کردیا ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ مقامی سطح پر توانائی کی زیادہ لاگت، مہنگی فنانسنگ اور غیر معمولی حکومتی ٹیکسز کے نفاذ نے کاروبار کرنے کی لاگت میں اضافہ کیا ہے جس سے ٹیکسٹائل انڈسٹری کی موجودہ کارکردگی اور مستقبل کے امکانات متاثر ہوئے ہیں۔