انڈس موٹر کمپنی (آئی ایم سی) نے 30 جون 2024 (مالی سال 24) کو ختم ہونے والے مالی سال کے دوران 15.07 ارب روپے کا منافع ظاہر کیا ہے، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 9.66 ارب روپے کی آمدنی کے مقابلے میں 56 فیصد زیادہ ہے۔
اس عرصے کے دوران کم آمدن کے باوجود کمپنی کے منافع میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔
اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں دستیاب مالیاتی بیانات کے مطابق مالی سال 24 میں کمپنی کی فی حصص آمدنی (ای پی ایس) 191.76 روپے رہی جب کہ مالی سال 23 میں 122.96 روپے تھی۔
بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 43 روپے فی حصص یعنی 430 فیصد کے حتمی نقد منافع کا بھی اعلان کیا۔ یہ 71.7 روپے فی حصص کے مشترکہ عبوری نقد منافع یعنی پہلے ہی ادا کیے جانے والے 717 فیصد کے علاوہ تھا۔
مالی سال 24-2023 کیلئے کل نقد منافع 114.7 روپے فی حصص یعنی 1,147 فیصد رہا۔
مالی سال 24 کے دوران آٹو اسمبلرکی آمدن 152.48 ارب روپے رہی جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے 177.71 ارب روپے کے مقابلے میں 14 فیصد کم ہے۔
تاہم کم آمدنی کے باوجود کمپنی مالی سال 24 میں 19.38 ارب روپے کا مجموعی منافع حاصل کرنے میں کامیاب رہی جب کہ گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 7.93 ارب روپے کا منافع ریکارڈ کیا گیا تھا جس کی بڑی وجہ فروخت کی کم لاگت تھی۔
اس کے نتیجے میں مالی سال 24 میں منافع کا مارجن 12.7 فیصد رہا جب کہ گزشتہ مالی سال میں یہ 4.5 فیصد تھا۔
اس عرصے کے دوران آٹومیکر کے آپریٹنگ اخراجات 8.36 ارب روپے تک بڑھ گئے جو سالانہ بنیاد 86 فیصد سے زیادہ ہیں۔
کمپنی کی دیگر آمدن میں 4 فیصد کمی دیکھی گئی جو مالی سال 23 میں 14.2 ارب روپے سے کم ہو کر مالی سال 24 میں 13.66 ارب روپے رہ گئی۔
نتیجتا آٹومیکر کا قبل از ٹیکس منافع مالی سال 24 میں 23.3 ارب روپے رہا جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں یہ 16.8 ارب روپے تھا جو 39 فیصد اضافہ ہے۔
مالی سال 24 کے دوران کمپنی نے ٹیکس مد میں 7.64 ارب روپے ادا کیے جب کہ مالی سال 23 میں یہ رقم 6.8 ارب روپے تھی۔