ایف بی آر ٹیکس وصولی ہدف حاصل کرنے میں ناکام، 98 ارب کا شارٹ فال

  • ٹیکس کی بلند شرح کے باوجود دو ماہ کے دوران 1554 ارب روپے کے مقررہ ہدف کے مقابلے میں خالص وصولی 1456 ارب روپے رہی
02 ستمبر 2024

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے باضابطہ طور پر اعتراف کیا ہے کہ مالی سال 2024-25 کے پہلے دو ماہ کے دوران ٹیکس وصولیوں میں 98 ارب روپے کا شارٹ فال ہوا ہے اور اس عرصے کے دوران 1554 ارب روپے کے مقررہ ہدف کے مقابلے میں خالص وصولی 1456 ارب روپے رہی۔

ایف بی آر کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق ایف بی آر نے رواں مالی سال جولائی تا اگست مجموعی طور پر 1588 ارب روپے کا ریونیو اکٹھا کیا ہے۔ 1554 ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں خالص محصولات کی مد میں 1456 ارب روپے جمع کیے گئے ہیں۔اس دوران برآمد کنندگان کو 132 ارب روپے (گزشتہ سال کے مقابلے میں 44 فیصد زیادہ) ریفنڈز جاری کیے گئے تاکہ ان کے لیکوڈیٹی مسائل کو حل کیا جاسکے۔

ایف بی آر نے جولائی اور اگست 2024 کے دوران 437 ارب روپے کے مقابلے میں گھریلو انکم ٹیکس کی مد میں 593 ارب روپے جمع کیے جس سے 36 فیصد اضافہ ظاہر ہوتا ہے۔ مقامی سیلز ٹیکس میں سالانہ بنیاد پر 40 فیصد کا زبردست اضافہ حاصل کیا گیا جس سے تقریبا 314 ارب روپے کی وصولی ہوئی۔ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (ایف ای ڈی) کی مد میں تقریباً 86 ارب روپے جمع کیے گئے جو سالانہ بناد پر 13 فیصد اضافے کو ظاہر کرتے ہیں۔ اس کے نتیجے میں گھریلو ٹیکسز کی وصولی میں تقریبا 35 فیصد کی مجموعی نمو حاصل کی گئی ہے۔

ایف بی آر نے رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں 11 فیصد افراط زر کی شرح کو مدنظر رکھا ہے جب کہ جولائی تا اگست 2023ء کے دوران افراط زر کی شرح 28 فیصد تھی۔

اعدادوشمار سے پتہ چلتا ہے کہ جولائی تا اگست 2024 کے دوران خالص انکم ٹیکس وصولی 616 ارب روپے رہی جب کہ 2023 کے اسی عرصے کے دوران 489 ارب روپے جمع کیے گئے تھے۔

جولائی تا اگست 2024ء کے دوران خالص سیلز ٹیکس وصولی 572 ارب روپے رہی جو 2023ء کے اسی عرصے میں 473 ارب روپے تھی۔

جولائی تا اگست 2024ء کے دوران کسٹم ڈیوٹی کی خالص وصولی 172 ارب روپے رہی جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 166 ارب روپے تھی۔

تاہم درآمدات میں مسلسل کمی کی وجہ سے درآمدات کی جانب سے اسی رفتار کو برقرار نہیں رکھا جاسکا۔ امریکی ڈالر کے لحاظ سے اگست 2023 کے مقابلے میں اگست 2024 میں ملک میں درآمدات میں 2.2 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔ اسی طرح اگست 2024ء کے دوران پاکستانی روپے کی قدر میں درآمدات میں بھی گزشتہ سال اگست کے مقابلے میں 7 فیصد کمی دیکھی گئی۔

مزید برآں زیادہ ڈیوٹی والی اشیاء جیسے گاڑیاں، گھریلو آلات کے ساتھ ساتھ ملبوسات، کپڑے، جوتے وغیرہ جیسی متفرق اشیاء کی درآمد میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے جس سے درآمدی مکس میں تبدیلی آئی ہے۔ اس رجحان نے کسٹم ڈیوٹی کی وصولی کے ساتھ ساتھ درآمدی مرحلے پر جمع ہونے والے دیگر ٹیکسوں کو بھی متاثر کیا ہے۔ کسٹم ڈیوٹی کی وصولی میں 4 فیصد کے معمولی اضافے کے باوجود ایف بی آر کی خالص وصولی میں مجموعی اضافہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 21 فیصد زیادہ ہے۔

ایف بی آر کی جانب سے پہلی سہ ماہی کے محصولات کے اہداف حاصل کرنے کا امکان ہے کیونکہ حالیہ مہینوں میں کم پالیسی ریٹ اور حکومت کی جانب سے کی جانے والی دیگر مداخلتوں کی وجہ سے ستمبر میں معاشی سرگرمیوں اور درآمدات دونوں میں مثبت تبدیلی کی توقع ہے۔

ڈیجیٹائزیشن اور ایف بی آر کی دیگر اصلاحات کے نتیجے میں بھی شرح نمو میں نمایاں اضافے کا امکان ہے جن کی نگرانی اس وقت وزیر اعظم اور وزیر خزانہ کر رہے ہیں۔

ان اصلاحات میں سپلائی چین کی اینڈ ٹو اینڈ مانیٹرنگ، آٹومیٹڈ پروڈکشن مانیٹرنگ، پی او ایس، مصنوعی ذہانت پر مبنی ڈیٹا انضمام، امپورٹ اسکیننگ اور ایف بی آر ورک فورس کی سالمیت کا سخت انتظام شامل ہے۔ ایف بی آر نے مزید کہا کہ ایف بی آر کاروباری ترقی اور آسانیوں کو آسان بنانے کے لئے اپنے کاروباری عمل کو بھی بہتر بنا رہا ہے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Read Comments