وزیراعظم شہبازشریف نے افراط زر کی شرح میں کمی اور موڈیز کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں حالیہ اضافے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ستمبر میں مہنگائی میں مزید کمی کی پیش گوئی کو مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں شہبازشریف نے پاکستان بیورو برائے شماریات کی رپورٹ کے مطابق افراط زر کے اشاریوں میں کمی کا خیر مقدم کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ کنزیومر پرائس انڈیکس میں جولائی 2024 میں ریکارڈ گراوٹ دیکھی گئی جس سے افراط زر کی شرح 11 فیصد پر آگئی۔ اقتصادی ماہرین کی ستمبر تک افراط زر میں مزید کمی کی پیش گوئی حوصلہ افزا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فچ کے بعد بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے بھی پاکستان کے مثبت معاشی اشاریوں کا اعتراف کرتے ہوئے ملکی کریڈٹ ریٹنگ کو اپ گریڈ کیا ہے۔
ہماری حکومت معاشی اصلاحات کے لئے پرعزم ہے۔ ہم تیزی سے رائٹ سائزنگ پالیسی پر عمل درآمد کررہے ہیں، جس کی میں ذاتی طور پر نگرانی کررہا ہوں۔ معیشت پر مثبت اثرات جلد ہی واضح ہوجائیں گے۔
وزیراعظم نے وفاقی اور پنجاب حکومت کی جانب سے بجلی صارفین کو فراہم کیے جانے والے ریلیف اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کا بھی ذکر کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت اس بات کو یقینی بنانے کے لئے وقف ہے کہ تمام فوائد عام آدمی تک پہنچیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی معاشی اور مالیاتی ٹیم کی سخت محنت معیشت کو استحکام کی جانب گامزن کررہی ہے۔
انہوں نے عوام کی مشکلات کا اعتراف کیا اور یقین دلایا کہ حکومت مسائل کے حل اور عوام کو درپیش مشکلات کو کم کرنے کیلئے انتھک کام کررہی ہے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024