صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے حقوق کے لیے کشمیری رہنما سید علی شاہ گیلانی کی جرات مندانہ جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
صدر زرداری نے ایک بیان میں کہا کہ سید علی گیلانی امید کی علامت تھے جنہوں نے بے شمار کشمیریوں کو اپنے حق خودارادیت کے لئے جدوجہد جاری رکھنے کی ترغیب دی۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کی تکمیل کے لیے کوششیں جاری رکھے گا جسے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت تحفظ حاصل ہے۔
اسی طرح وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی جدوجہد اس وقت تک جاری رہے گی جب تک مقصد پورا نہیں ہو جاتا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت ہمیشہ جاری رکھے گا۔
ان کے مطابق علی گیلانی تحریک آزادی کشمیر کی تاریخ میں ایک باوقار شخصیت کے طور پر زندہ رہیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ علی گیلانی ایک دور اندیش رہنما تھے جو کشمیری عوام کے حق خودارادیت پر گہرا یقین رکھتے تھے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ کشمیری عوام کی آزادی اور حق خودارادیت کی جنگ کے لئے علی گیلانی کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔