محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان اسنٰی پاکستان کی ساحلی پٹی سے دور چلا گیا ہے اور اس کے جنوب مغرب کی جانب بڑھنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری چھٹے الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 9 گھنٹوں کے دوران طوفان کا رخ مزید مغرب کی جانب بڑھا اور اب یہ کراچی کے جنوب مغرب میں تقریباً 200 کلومیٹر، اورماڑہ سے 220 کلومیٹر اور گوادر سے 380 کلومیٹر کی دوری پر ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج شام اور رات کو سندھ کے اضلاع حب، لسبیلہ، آواران، کچ اور گوادر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جب کہ کراچی ڈویژن، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، حیدرآباد، ٹی ایم خان، ٹی اے یار، مٹیاری، جامشورو اور دادو میں کل رات تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
نوٹیفیکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ 60 سے 70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہوائیں 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہیں۔
سندھ کے ماہی گیروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ آج اور بلوچستان کے ماہی گیر کل تک سمندر میں نہ جائیں۔
جمعہ کو پی ایم ڈی نے متنبہ کیا تھا کہ ڈیپ ڈپریشن سمندری طوفان اسنی شدت اختیار کر گیا ہے اور بڑے پیمانے پر بارش کا متوقع ہے ۔
کراچی میں تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارش سے ایک خاتون جاں بحق ہوگئیجبکہ انفرااسٹرکچر کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
کراچی کے علاقے طارق روڈ پر بھی بارش اور تیز ہواوں کے باعث ایک درخت گاڑی پر گرگیا، حکام نے گاڑی کے اندر پھنسے لوگوں کی مدد کی۔ واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔