بلوچستان حملے پاکستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہیں، محسن نقوی

30 اگست 2024

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں ہونے والے حالیہ حملوں کی منصوبہ بندی مختلف تنظیموں نے پاکستان میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس کو سبوتاژ کرنے کے لیے کی تھی۔

آج سینیٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ حکومت ان حملوں کے ذمہ داروں سے بخوبی واقف ہے۔

پاکستان 15 سے 16 اکتوبر تک شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے سربراہان حکومت کے اجلاس کی میزبانی کرے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بہت سے عناصر پاکستان میں ہونے والی شنگھائی تعاون تنظیم کی کانفرنس کے خلاف ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کے واقعات کانفرنس کے خلاف ایک منظم سازش ہے۔

وزیر داخلہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں دیرپا امن کے قیام کے لیے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا اور سیاسی جماعتوں سے تفصیلی مشاورت کی۔

وزیراعظم شہباز شریف گزشتہ روز ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچے تھے جہاں انہوں نے بلوچستان کی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔

وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزیر اسحاق ڈار، وفاقی وزراء احسن اقبال، جام کمال خان اور محسن نقوی بھی موجود تھے۔ اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم نے امن و امان کی مجموعی صورتحال پر ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔

نقوی نے اس بات پر زور دیا کہ جو لوگ ریاست کو نہیں پہچانتے اور ہتھیار اٹھاتے ہیں وہ دہشت گرد ہیں۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ پاکستان کو تسلیم کرنے والوں کے درمیان اختلافات ہوسکتے ہیں اور حکومت مسائل کو حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور ایسا کرنا جاری رکھے گی۔

وزیر داخلہ نے سینیٹ اجلاس کو آگاہ کیا کہ وزیراعظم نے بلوچستان کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے لیے 5 ارب روپے اور بلوچستان کے مختلف ڈویژنز میں عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے 8 ارب روپے مختص کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں وفاقی افسران کی کمی کو پورا کرنے کے لئے ایک پالیسی کا اعلان کیا ہے اور تقریبا 40 افسران کو فوری طور پر بلوچستان میں تعینات کیا جائے گا۔

سیکورٹی فورسز کی کارروائی میں 5 دہشتگرد ہلاک

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے اضلاع کیچ، پنجگور اور ژوب میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 26 اگست کو بلوچستان میں معصوم شہریوں کے قتل کیلئے کی جانے والی دہشت گردی کی کارروائیوں کے تناظر میں سیکورٹی فورسز انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز (آئی بی اوز) کر رہی ہیں تاکہ ان گھناؤنی کارروائیوں کے ذمہ داروں کا سراغ لگایا جا سکے۔

پاک فوج کے میڈیا ونگ کا مزید کہنا تھا کہ کلیئرنس آپریشن اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک ان سفاکانہ کارروائیوں کے تمام مجرموں، سہولت کاروں اور معاونت کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں نہیں لایا جاتا۔

یہ کارروائیاں اتوار کے روز بلوچستان میں پولیس اسٹیشنوں، ریلوے لائنوں اور شاہراہوں پر دہشت گردوں کے حملوں میں کم از کم 73 افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد کی گئیں۔

امریکہ، چین اور ترکی سمیت متعدد ممالک نے بلوچستان میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کی مذمت کی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مکمل حمایت کا عہد کیا۔

Read Comments