صدر مملکت آصف علی زرداری نے جمعرات کو ایوان صدر میں ایک خصوصی تقریب میں ارشد ندیم کو ہلال امتیاز سے نوازا ہے۔
اولمپیئن ارشد ندیم نے یہ اعزاز دینے پر صدر مملکت سے اظہار تشکر کیا اور انہوں نے ملک کیلئے اپنی خدمت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
ارشد نے اس ماہ کے اوائل میں پیرس اولمپکس میں جیولین تھرو کے فائنل میں 92.97 میٹر تھرو کے ساتھ تمام اولمپک ریکارڈ توڑ کر ملک کا نام روشن کیا تھا۔
انہوں نے اپنی چھ کوششوں میں 90 میٹر سے زیادہ کے دو تھرو کیے اور 90.18 میٹر کا اپنا بہترین ریکارڈ بھی توڑا ایک ہی ایونٹ میں 90 میٹر سے لمبی 2 تھرو کرنے والے تاریخ کے پہلے جیولین تھرور بن گئے۔
ارشد کی شاندار کامیابی کی بدولت اولمپک گولڈ میڈل کے حصول کیلئے پاکستان کا 40 سالہ انتظار ختم ہوا۔ انہوں نے انفرادی مقابلوں میں ملک کیلئے پہلا طلائی تمغہ حاصل کیا۔