پاکستان نے بنگلہ دیش کیخلاف آخری ٹیسٹ میچ کیلئے ابرار احمد کو ٹیم میں شامل کرلیا

28 اگست 2024

پاکستان نے بنگلہ دیش کیخلاف دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں لیگ اسپنر ابرار احمد کو ٹیم میں شامل کرلیا ہے، گرین شرٹس نے بنگلہ دیش کیخلاف پہلے ٹیسٹ میں سلو وکٹ پر کوئی بھی فرنٹ لائن اسپنر شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا جو غلط ثابت ہوا۔

پاکستان کو اتوار کے روز بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ میچ میں پہلی شکست کا سامنا کرنا پڑا جس میں پاکستان کی جانب سے کوئی بھی ماہر اسپنر ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔

سلو وکٹ پر پاکستان کے فاسٹ بالرز زیادہ کامیابی نہ مل سکی جبکہ اسپنرز شکیب الحسن اور مہدی حسن معراج نے سات وکٹیں حاصل کرکے بنگلہ دیش کو 10 وکٹوں سے یادگار فتح دلائی۔

6 ٹیسٹ میچوں میں 38 وکٹیں حاصل کرنے والے ابرار کو اب تک کوئی بھی ٹیسٹ نہ کھیلنے والے اسپن بولنگ آل راؤنڈر کامران غلام کے ساتھ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آل راؤنڈر عامر جمال کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے تاہم ان کی شرکت فٹنس کلیئرنس سے مشروط ہے۔

Read Comments