پاکستان اور ترکیہ کا جی ٹو جی اور بی ٹو بی شراکت داری بڑھانے پر زور

28 اگست 2024

پاکستان اور ترکیہ کے حکام نے زیادہ سے زیادہ حکومتی سطح پر (جی ٹو جی) اور کاروباری سطح پر (بی ٹو بی) معاہدات کے ذریعے دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے پر زور دیا۔

یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب جمہوریہ ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر مہمت پکاشی نے بدھ کے روز فنانس ڈویژن میں وفاقی وزیر برائے خزانہ و ریونیو سینیٹر محمد اورنگزیب سے الوداعی ملاقات کی۔

اجلاس میں تجارت ان گڈز ایگریمنٹ 2022 پر دستخط کو 5 ارب ڈالر کے دوطرفہ تجارتی ہدف کے حصول کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا گیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں فریقین نے جی ٹو جی اور بی ٹو بی کے مزید انتظامات کے ذریعے تجارت اور سرمایہ کاری کے پورٹ فولیو کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

دوستانہ تعلقات کے باوجود پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم صرف ایک ارب ڈالر ہے۔

فنانس ڈویژن نے کہا کہ دونوں فریقین نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے اور برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا جو مشترکہ عقیدے، تاریخ اور ثقافتی وابستگیوں پر مبنی ہیں۔

وزیر خزانہ نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں سبکدوش ہونے والے سفیر کی خدمات کو سراہا اور تجارت، سرمایہ کاری، تکنیکی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں ترکیہ کے ساتھ اپنی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات کے دوران اورنگزیب نے ترکیہ کے وزیر تجارت ڈاکٹر عمر بولات کی سربراہی میں ترک تجارتی وفد کے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران ہونے والی پیش رفت پر بھی روشنی ڈالی جس سے توانائی، زراعت، انفرااسٹرکچر اور ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے میں مدد ملی۔

دریں اثنا سفیرمہمت پکاشی نے اپنے خطاب میں حکومت پاکستان کی جانب سے ان کے دور میں فراہم کیے گئے تعاون اور حمایت پر اظہار تشکر کیا۔

Read Comments