فیصل بینک نے 30 جون 2024 کو ختم ہونے والی سہ ماہی کے دوران 6.95 ارب روپے کے بعد از ٹیکس مجموعی منافع کا اعلان کیا جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں ریکارڈ کیے گئے 4.35 ارب روپے کے مقابلے میں تقریبا 60 فیصد زیادہ ہے۔
بدھ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو بھیجے گئے مالیاتی نتائج کے مطابق فیصل بینک نے 4.58 روپے فی حصص آمدنی (ای پی ایس) کا اعلان کیا جبکہ گزشتہ سال اس مدت میں فی حصص آمدنی2.87 روپے تھی۔
اس کے علاوہ فیصل بینک لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 10 روپے فی حصص یعنی 20 فیصد کے عبوری نقد منافع کا اعلان کیا۔ یہ 31 مارچ 2024 کو ختم ہونے والی سہ ماہی کے لئے 10 فیصد عبوری نقد منافع کے علاوہ ہے۔
مالی سال 2023 کی دوسری سہ ماہی میں خالص منافع 17.69 ارب روپے سے بڑھ کر 24 کی سہ ماہی میں 19.57 ارب روپے ہو گیا جو 10 فیصد سے زائد کا اضافہ ہے۔
مالی سال 2024 کی دوسری سہ ماہی میں فیصل بینک کی جانب سے حاصل کی گئی فیس اور کمیشن کی آمدن 3 ارب روپے رہی جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے 2.2 ارب روپے کے مقابلے میں تقریبا 37 فیصد زیادہ ہے۔
فیصل بینک کی زرمبادلہ آمدنی میں سالانہ بنیادوں پر 100 فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا جو مالی سال 24 کی دوسری سہ ماہی میں 587.6 ملین روپے سے بڑھ کر 1.2 ارب روپے ہوگئی۔
بینک کی دیگر آمدنی بھی تقریبا دگنی ہوگئی کیونکہ یہ مالی سال 24 کی سہ ماہی میں بڑھ کر 4.71 ارب روپے ہوگئی جو گزشتہ ساس اس مدت میں 2.36 ارب روپے تھی۔
مالی سال 24 کی دوسری سہ ماہی کے دوران کمپنی کے آپریٹنگ اخراجات 11.26 ارب روپے رہے جو گزشتہ سال اس مدت کے 9.99 ارب روپے کے مقابلے میں 13 فیصد زیادہ ہیں۔
فرم نے اس مدت کے دوران ورکر ویلفیئر فنڈ پر اخراجات میں تیزی سے اضافے کی اطلاع دی ہے۔ فیصل بینک نے مالی سال 2023 کی دوسری سہ ماہی میں اس مد میں 177.88 ملین روپے اور مالی سال 2024 میں 272.34 ملین روپے خرچ کیے۔
اس کے نتیجے میں بینک کا قبل از ٹیکس منافع مالی سال 2024 کی دوسری سہ ماہی میں 53 فیصد سے زائد اضافے کے ساتھ 13.62 ارب روپے رہا۔
اس عرصے کے دوران فیصل بینک نے 6 ارب 67 کروڑ روپے ٹیکس ادا کیے۔