سینٹ کی فنکشنل کمیٹی برائے ڈیولوشن نے منگل کے روزانڈیپنڈنٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) کے کام کرنے پر تشویش کا اظہار کیا اور معاہدوں میں ”شفافیت کی کمی“ پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے آئی پی پیز کا فرانزک آڈٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
کمیٹی کی چیئرپرسن سینیٹر ڈاکٹر زرقا سہروردی تیمور کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں پاور ڈویژن کی پچھلے مالی سالوں – 23-2022 اور 24-2023 – کی کامیابیوں، بجٹ کی تفصیلات اور ملازمین وغیرہ کے ساتھ دیگر ایجنڈا آئٹمز پر بھی بات چیت کی گئی۔
ایجنڈا آئٹم پر بات کرتے ہوئے چیئرپرسن سینیٹر ڈاکٹرزرقا سہروردی تیمور نے آئی پی پیز کے کام کرنے پر تشویش کا اظہار کیا اور معاہدوں میں ”شفافیت کی کمی“ اور اس سے منسلک غفلت پر ناراضگی ظاہر کی۔
انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز نے عام آدمی کو بہت سی مشکلات سے دوچار کیا ہے اور اس حوالے سے جوابدہی کا مطالبہ کیا۔ چیئرپرسن نے وزارت کو آئی پی پیز کا فرانزک آڈٹ کرنے کی بھی ہدایت کی۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ معیاری معاہدوں کی تفصیلات، پاور پلانٹس کے کیپیسٹی چارجز کی فہرست اور ان کی کارروائیوں کے ٹائم لائنز بھی کمیٹی کو فراہم کی جائیں۔ چیئرپرسن نے ایل این جی منصوبوں کی تفصیلات بھی کمیٹی میں جمع کرنے کی ہدایت کی۔
اس سے پہلے، انٹر پروونشل کوآرڈینیشن (آئی پی سی) کے سیکریٹری ندیم ارشاد کیانی نے کمیٹی کو وزارت کے ملازمین اور اس سے منسلک محکموں کی تعداد کے بارے میں بریفنگ دی، اور پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کے ساتھ رجسٹرڈ کھیلوں کی فیڈریشنز کی تفصیلات فراہم کیں۔
انہوں نے وزارت کے انسانی وسائل کا جائزہ پیش کیا، جس میں منظور شدہ اور اس وقت کام کرنے والے افسران شامل ہیں۔
انہوں نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ 44 قومی کھیلوں کی فیڈریشنز رجسٹرڈ ہیں، جن کی گرانٹس آئی پی سی وزارت کی طرف سے فراہم کی جاتی ہیں۔
پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (پی او اے) کے معاملات پر بات کرتے ہوئے، سینیٹر ڈاکٹر زرقا سہروردی تیمور نے فیڈریشنز کے سربراہان کی جوابدہی کے بارے میں دریافت کیا اور انکوائریوں کے نتائج کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے تجویز دی کہ تمام فیڈریشنز کی انکوائریاں کی جانی چاہئیں۔
جیولن تھروور میں 32 سال بعد پہلے اولمپک گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کی مثال دیتے ہوئے، انہوں نے نشاندہی کی کہ پاکستان کی 64 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر ہے، لیکن اس کے باوجود اس آبادی کو تسلیم نہیں کیا جا رہا، حالانکہ بجٹ مختص کئے جانے باوجود نتائج تسلی بخش نہیں ہیں۔
کمیٹی نے فیڈریشنز کے چیئرپرسنز کی فہرست اور ان کی خدمات کے دورانیے کے ساتھ اولمپک کمیٹی کے چیئرپرسنز اور ان کی مدت کے بارے میں بھی تفصیلات طلب کیں۔
قومی کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی کا حوالہ دیتے ہوئے، انہوں نے پوچھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے معاملات کو کون دیکھے گا کیونکہ اس کی موجودہ کارکردگی ناقص ہے۔
کمیٹی نے متفقہ طور پر انٹر پروونشل کوآرڈینیشن وزارت کو 18ویں آئینی ترمیم کے تحت ڈیولول کرنے کا فیصلہ بھی کیا۔ کمیٹی کے اراکین نے آئی پی سی وزارت میں اضافی ملازمین کے مسئلے کے حل کے لیے ایک نظام کی ضرورت پر زور دیا اور اس معاملے کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے سپرد کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔
اجلاس میں شریک افراد میں سینیٹرز ضمیر حسین گھمرو، فوزیہ ارشد، اور پونجو بھیل شامل تھے۔
انٹر پروونشل کوآرڈینیشن کے سیکریٹری، پاور ڈویژن کے سیکریٹری ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان، اور متعلقہ محکموں کے سینئر حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024