رواں سال اپریل تا جون حبیب بینک لمیٹڈ (ایچ بی ایل ) کا بعد از ٹیکس منافع 7 فیصد اضافے سے 14.01 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 13.08 ارب روپے تھا۔
اسٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے مجموعی نتائج کے مطابق ایچ بی ایل کی تین ماہ کے دوران فی حصص آمدنی (ای پی ایس) 9.81 روپے رہی جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 8.86 روپے تھی۔
جنوری تا جون کمپنی کا بعد از ٹیکس منافع 29.06 ارب روپے رہا جو سال 2023 کے اسی عرصے میں 26.34 ارب روپے سے زیادہ ہے۔
ایچ بی ایل نے دوسری سہ ماہی کے لیے 4 روپے فی حصص کے منافع کا بھی اعلان کیا ہے جو اس سے قبل جنوری تا مارچ ادا کی گئی رقم کے علاوہ تھا۔
بروکریج ہاؤس ٹاپ لائن سیکیورٹیز نے کہا کہ منافع اور آمدن توقعات کے مطابق ہیں۔