حب پاور ہولڈنگز لمیٹڈ (ایچ پی ایچ ایل) نے پاکستان میں معدنی کانوں کی تلاش اور ترقی کیلئے کان کنی کی کمپنی آرک میٹلز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے ساتھ ایک جوائنٹ وینچر معاہدہ کیا ہے۔
ایچ پی ایچ ایل کی پیرنٹ کمپنی اور حبکو نے پیر کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو ایک نوٹس کے ذریعے اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ حب پاور کمپنی لمیٹڈ کے ماتحت ادارے حب پاور ہولڈنگز لمیٹڈ (ایچ پی ایچ ایل) نے پاکستان میں معدنی کانوں کی تلاش اور ترقی کے لیے آرک میٹلز (پرائیویٹ) لمیٹڈ اور اس کے شیئر ہولڈرز کے ساتھ جوائنٹ ونچر معاہدہ کیا ہے۔
کمپنی نے بتایا کہ اس جوائنٹ وینچر معاہدے کی تکمیل ضروری ریگولیٹری منظوری اور رضامندی سے مشروط ہے۔
ایچ پی ایچ ایل نے چائنا پاور حب جنریشن کمپنی (پرائیویٹ) لمیٹڈ اور تھل نووا پاور تھر (پرائیویٹ) لمیٹڈ میں سرمایہ کاری کی ہے۔ کمپنی نے حب پاور ہولڈنگز اور ای این آئی کے مقامی ملازمین کی جوائنٹ وینچر کمپنی پرائم انٹرنیشنل آئل اینڈ گیس کمپنی لمیٹڈ کی تشکیل کے لئے بھی ایک مشترکہ معاہدہ کیا۔
آرک میٹلز ایک پراسپیکٹنگ اور کان کنی کی کمپنی ہے، جو پاکستان کے معدنی علاقوں کی نشاندہی، امکان اور تلاش کرنے کے لئے جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، خاص طور پر بنیادی معدنیات سے مالا مال بلوچستان، نایاب معدنیات سے مالا مال خیبر پختونخوا (کے پی کے) اور قیمتی معدنیات سے مالا مال گلگت بلتستان (جی بی) کو ہدف بنانے کا ارادہ رکھتی ہے۔
کمپنی کے پاس اس وقت بلوچستان اور گلگت بلتستان میں ایکسپلوریشن لائسنس اور کان کنی کے لیز ہیں جبکہ یہ کے پی کے میں ممکنہ شراکت داری کی تلاش میں ہے۔
پاکستان میں کان کنی کے شعبے نے حالیہ دنوں میں خاص طور پر خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے قیام کے بعد رفتار پکڑی ہے۔
گزشتہ ماہ ماڑی پٹرولیم کمپنی لمیٹڈ (ایم اے آر آئی) کی مکمل ملکیت والی ماتحت کمپنی ماڑی مائننگ کمپنی (پرائیوٹ) لمیٹڈ (ایم ایم سی) نے بلوچستان کے ضلع چاغی میں معدنیات کی تلاش کے لیے لائسنس حاصل کیے تھے۔
اس سے قبل مئی میں نیشنل ریسورسز لمیٹڈ (این آر ایل) جو وائی بی پاکستان لمیٹڈ، ریلائنس کموڈٹیز (پرائیویٹ) لمیٹڈ اور لبرٹی ملز لمیٹڈ کا ماتحت ادارہ ہے، نے ضلع چاغی میں معدنیات کی تلاش کی لیز حاصل کی تھی۔