بلوچستان کے علاقے لسبیلہ کے قریب مکران کوسٹل ہائی وے پر ایران سے آنے والے زائرین کو لے جانے والی بس حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق یہ حادثہ بوزی ٹاپ کے قریب ہائی وے پر پیش آیا۔
ایران سے واپس آنے والے زائرین کو لے جانے والی بس اس وقت سڑک سے اتر کر کھائی میں جا گری جب ڈرائیور نے تیز رفتاری کی وجہ سے بس پر قابو کھو دیا۔
پولیس حکام نے تصدیق کی ہے کہ زائرین کا تعلق پنجاب کے شہر لاہور اور گوجرانوالہ سے ہے اور پولیس، لیویز اور دیگر اداروں کی مدد سے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
ابتدائی رپورٹس سے پتہ چلتا ہے کہ یہ واقعہ بریک فیل ہونے کی وجہ سے پیش آیا۔
حادثے کے متاثرین کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لئے ایک جامع ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
اس سے قبل وسطی ایران میں شیعہ مسلمانوں کی ایک بڑی تقریب میں شرکت کے لیے جانے والی بس کو حادثے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے 28 زائرین کی لاشیں پاکستان پہنچ گئی تھیں۔
ایران کے سرکاری ٹی وی کے مطابق یہ بس 51 پاکستانی زائرین کو لے کر عراق میں شیعہ کیلنڈر کے سب سے بڑے تہواروں میں سے ایک اربعین کیلئے جا رہی تھی کہ صوبہ یزد میں ایک چیک پوسٹ کے سامنے الٹ گئی اور اس میں آگ لگ گئی۔
صوبہ یزد کے کرائسس مینجمنٹ کے سربراہ علی ملک زادہ نے ایرانی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں 11 خواتین اور 17 مرد شامل ہیں۔