اینگرو کارپوریشن کا منافع 61 فیصد کم، 5.07 ارب روپے ریکارڈ

22 اگست 2024

اینگرو کارپوریشن لمیٹڈ (اینگرو) نے 30 جون 2024 ء کو ختم ہونے والے تین ماہ کے دوران 5.07 ارب روپے کا بعد از ٹیکس منافع (پی اے ٹی) حاصل کیا ہے جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے 13.03 ارب روپے کے مقابلے میں 61 فیصد سے زائد کی بڑی کمی کو ظاہر کرتا ہے۔

مالی سال 2024 کی دوسری سہ ماہی میں فی حصص آمدنی (ای پی ایس) 4.18 روپے رہی جبکہ گزشتہ سال کے اسی عرصے میں یہ 11.40 روپے ریکارڈ کی گئی تھی۔

اینگرو بورڈ نے بدھ 21 اگست کو اپنے اجلاس میں 30 جون 2024 کو ختم ہونے والے چھ ماہ کے لیے 8 روپے فی حصص یعنی 80 فیصد عبوری نقد منافع کا بھی اعلان کیا۔ یہ عبوری نقد منافع کے علاوہ ہے جو پہلے ہی 11 روپے فی حصص یعنی 110 فیصد پر ادا کیا جا چکا ہے۔

مجموعی بنیادوں پر اینگرو کارپوریشن کی آمدنی مالی سال 2023 کی دوسری سہ ماہی میں 75.09 ارب روپے سے کم ہو کر 74.59 ارب روپے رہ گئی۔

دوسری جانب مالی سال 2024 کی دوسری سہ ماہی میں محصولات کی لاگت 61.58 ارب روپے تک پہنچ گئی جو گزشتہ سال کے 53.9 ارب روپے کے مقابلے میں 14 فیصد زیادہ ہے۔

نتیجتا اینگرو کا مجموعی منافع 21.2 ارب روپے کے مقابلے میں تقریبا 39 فیصد کم ہوکر 13 ارب روپے رہ گیا۔

دریں اثناء کمپنی کی دیگر آمدنی مالی سال 24 کی دوسری سہ ماہی کے دوران بڑھ کر 3.72 ارب روپے ہوگئی جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 2.26 ارب روپے ریکارڈ کی گئی تھی۔

مالی سال 2024 کی دوسری سہ ماہی میں کمپنی کی مالی لاگت 5.48 ارب روپے رہی جو سالانہ بنیادوں پر 46 فیصد اضافہ ہے۔

اس طرح مالی سال 2024 کی دوسری سہ ماہی میں 4.49 ارب روپے کا قبل از ٹیکس منافع (پی بی ٹی) ہوا جو 12.56 ارب روپے کے مقابلے میں 64 فیصد کم ہے۔

اس عرصے کے دوران کمپنی نے مالی سال 24 کی دوسری سہ ماہی میں 2.27 ارب روپے ٹیکس ادا کیا جبکہ گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 11.07 ارب روپے ٹیکس ادا کیا تھا۔

مالی نتائج کے علاوہ کمپنی نے بتایا کہ تھرمل انرجی اثاثوں یعنی ای پی کیو ایل، ای پی ٹی ایل اور ایس ای سی ایم سی کے مالی نتائج کو بند آپریشنز کے طور پر رپورٹ کیا گیا ہے کیونکہ یہ کمپنیاں انٹرنیشنل فنانشل رپورٹنگ اسٹینڈرڈ 5 کی درجہ بندی کے معیار پر پورا اترتی ہیں ۔

Read Comments