کریپٹو کرنسی کمپنی ٹیتھر نے بدھ کو کہا کہ وہ ایک نیا اسٹیبل کوائن فراہم کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے جو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے درہم کے ساتھ منسلک ہوگا کیونکہ وہ خلیجی کرنسی کی طلب کو پورا کرنے اور امریکی ڈالر کا متبادل فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
اسٹیبل کوائن ڈیجیٹل ٹوکن ہیں جو مستقل قدر کو برقرار رکھنے کے لئے ڈیزائن کیے گئے ہیں اور روایتی کرنسیوں جیسے امریکی ڈالر یا یورو سے مدد حاصل کرتے ہیں۔ انہیں ادائیگی کی ایک شکل کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے ، نیز کرپٹو ایکسچینجز پر بٹ کوائن جیسے دوسرے ٹوکنز کی صورت میں بھی تجارت کرنے کے لئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
ٹیتھر کے سی ای او پاؤلو آرڈینو نے دبئی میں ایک تقریب کے دوران کہا کہ اصل مقصد امریکی ڈالر کی طرف اختیاری حیثیت پیدا کرنا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ انہیں یقین ہے کہ عالمی تجارت میں تبدیلی کے ساتھ درہم ایک ترجیحی کرنسی بن جائے گا۔
انہوں نے امارات اور اس کی بیلنس شیٹ دونوں کے استحکام اور حفاظت کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ ہم متحدہ عرب امارات سے باہر درہم رکھنے میں بہت دلچسپی دیکھتے ہیں۔
متحدہ عرب امارات کرپٹو صنعت کے لئے ایک عالمی مرکز بننے پر زور دے رہا ہے کیونکہ خلیجی خطے میں معاشی مسابقت بڑھ رہی ہے۔
امارات رئیل اسٹیٹ اور اسکول فیس جیسے شعبوں میں کرپٹو کرنسی کی ادائیگیوں کو قابل بنانے میں تیزی سے کامیاب رہا ہے جس سے دارالحکومت ابوظہبی اور دبئی دونوں میں ورچوئل ایسٹس ریگولیشن تشکیل دیتے ہوئے اپنانے اور ٹرانزیشکن کے حجم کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔
ریگولیٹرز نے طویل عرصے سے کرپٹو اثاثوں کو اپنانے سے مارکیٹ کے خطرات کے بارے میں متنبہ کیا ہے۔ امریکہ نے کہا ہے کہ اسٹیبل کوائن کے ذخائر تیزی کے ساتھ اخراج سے مشروط ہوسکتے ہیں ، مثال کے طور پر اگر ہولڈرز ٹوکن کو روایتی کرنسیوں میں تبدیل کرنے میں جلدی کرتے ہیں۔
ٹیتھر کے نام سے مشہور ڈالرسے منسلک اسٹیبل کوائن (یو ایس ڈی ٹی) کو ایک ڈالر کی مستقل قدر کو برقرار رکھنے کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے جسے وسیع پیمانے پر کرپٹو سے کرپٹو ٹریڈنگ میں استعمال کیا جاتا ہے۔
کوائن گیکو کے اعداد و شمار کے مطابق تقریبا 117 بلین ڈالر کا ٹوکن گردش میں ہے جو 169 بلین ڈالر کی مستحکم کوائن مارکیٹ کا بڑا حصہ ہے۔
ٹھیتر یورو جیسی دیگر کرنسیوں کے ساتھ منسلک اسٹیبل کوائنز بھی فراہم کرتا ہے جس نے بدھ کو ایک بیان میں کہا کہ درہم اسٹیبل کوائن کو متحدہ عرب امارات میں قائم مائع ذخائر کی ”مکمل حمایت“ حاصل ہوگی۔
ٹیتھر اور فینکس نے کہا کہ اسے ابوظہبی میں لسٹڈ کرپٹو مائننگ اور بلاک چین گروپ فینکس گروپ اور سرمایہ کاری فرم گرین اکورن انویسٹمنٹ کے تعاون سے لانچ کیا جائے گا۔
دونوں فرموں نے مصنوعات کے اجراء کی کوئی مخصوص تاریخ فراہم نہیں کی لیکن آرڈینو نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک کی جانب سے لائسنس کے سلسلے میں چند ماہ لگیں گے۔