پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے منگل کے روز بتایا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع مستونگ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (آئی بی او) کے دوران بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) سے تعلق رکھنے والے تین دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد پنجگور کے ڈپٹی کمشنر ذاکر بلوچ کے قتل میں ملوث تھے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے مستونگ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا اور فائرنگ کے تبادلے میں بی ایل اے کے 3 دہشت گرد ہلاک اور اتنے ہی زخمی ہوئے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ذاکر بلوچ کی شہادت میں ملوث دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکورٹی فورسز کی تعریف کی۔
آج ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردی میں ملوث عناصر کو ڈی سی پنجگور کے قاتلوں کی قسمت سے سبق سیکھنا چاہئے۔
وزیر اعظم نے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک ہماری جنگ جاری رہے گی۔
ڈی سی بلوچ کو 12 اگست کو اس وقت نشانہ بنایا گیا تھا جب وہ کوئٹہ سے پنجگور جا رہے تھے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
وہ سابق صوبائی وزیر اور موجودہ ایم پی اے میر صالح رحمت بلوچ کے چھوٹے بھائی تھے۔