جون کے اختتام تک وفاقی حکومت کے قرضوں کا حجم 68.9 ٹریلین روپے تک پہنچ گیا

15 اگست 2024

مئی 2024 کے مقابلے میں جون 2024 میں وفاقی حکومت کے مجموعی قرضوں کے حجم میں 1.6 فیصد کا معمولی اضافہ دیکھا گیا ہے جس میں ملکی اور بیرونی دونوں قرضے شامل ہیں۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے اعداد و شمار کے مطابق جون 2024 کے اختتام تک مرکزی حکومت کے مجموعی ملکی اور بیرونی قرضوں کا حجم 68.914 ٹریلین روپے تک پہنچ گیا جو مئی 2024 کے اختتام پر 67.816 ٹریلین روپے تھا، جو 1.098 ٹریلین روپے کا اضافہ ہے۔

ایک تفصیلی تجزیے سے معلوم ہوا ہے کہ مرکزی حکومت کے قلیل مدتی مقامی قرض میں بڑی کمی دیکھی گئی ہے۔

مرکزی حکومت کا بیرونی قرضہ جون 2024 میں 0.7 فیصد یا 146 ارب روپے بڑھ کر 21.754 ٹریلین روپے ہو گیا جو مئی 2024 میں 21.608 ٹریلین روپے تھا۔

دریں اثنا ملکی حوالے سے ، مرکزی حکومت کا مجموعی مقامی قرضہ جون 2024 میں بڑھ کر 47.160 ٹریلین روپے ہو گیا جو مئی 2024 میں 46,208 ٹریلین روپے کے مقابلے میں 2.1 فیصد یا 952 ارب روپے زیادہ ہے۔

مرکزی حکومت کا طویل مدتی مقامی قرضہ جون 2024 میں بڑھ کر 36.828 ٹریلین روپے ہو گیا، جو مئی 2024 میں 36.599 ٹریلین روپے سے 0.6 فیصد زیادہ ہے۔

دوسری جانب حکومت کے قلیل مدتی ملکی قرضوں میں 7.6 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو جون میں 10.248 ٹریلین روپے رہا جبکہ مئی میں یہ 9.522 ٹریلین روپے تھا جو ماہانہ بنیادوں پر 726 ارب روپے کا اضافہ ہے۔

تاہم نیا پاکستان سرٹیفکیٹ (این پی سی) میں واجبات میں 3.1 فیصد کمی واقع ہوئی جو جون میں مجموعی طور پر 84 ارب روپے رہے جو مئی میں 87 ارب روپے تھے۔

Read Comments