یوم آزادی کے موقع پر صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کا قوم کے درمیان اتحاد پر زور

  • 5 سالہ اقتصادی پروگرام جلد شروع کیا جائے گا، شہباز شریف
14 اگست 2024

صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے اتحاد کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

صدر جمہوریہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج ہندوستان کے مسلمانوں کی حق خودارادیت کے لئے تاریخی سیاسی جدوجہد کا اختتام ہوا تھا۔

انہوں نے کہا، ہمیں اپنے اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اتحاد، سالمیت اور معاشی استحکام کے لئے پرعزم طور پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے قانون کی بالادستی اور جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے پر بھی زور دیا۔

پاکستان مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے عوام کے جائز حقوق کے لیے ان کی حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں یادگار پاکستان پر پرچم کشائی کی تقریب میں شرکت کی۔

تقریب میں چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم اور دیگر معزز مہمانوں نے بھی شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے قومی اتحاد، محنت اور ایمانداری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ماضی کی غلطیوں کو درست کرنے کے لیے خود جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے اعلان کیا کہ قوم آئندہ چند روز میں بجلی کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے اچھی خبر سنے گی۔ انہوں نے کہا کہ پانچ سالہ اقتصادی پروگرام جلد شروع کیا جائے گا۔

وزیر اعظم نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیم، تربیت اور مہارت پر توجہ دیں اور ”افراتفری، انتشار اور دھوکہ دہی“ کی طاقتوں کا شکار ہونے سے بچیں۔

قبل ازیں اس موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے آباؤ اجداد اور تحریک پاکستان کے ان گنت گمنام ہیروز کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے جنوبی ایشیا میں لاکھوں افراد کے لیے ایک آزاد ملک کے لیے انتھک جدوجہد کی جہاں وہ اپنے عقائد اور اقدار کے مطابق زندگی گزار سکیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کے حصول تک ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور مسلح افواج کے سربراہان نے بھی یوم آزادی کے موقع پر قوم کو دلی مبارکباد پیش کی اور اسے ایک یادگار موقع قرار دیا جو مسلمانوں کے لیے علیحدہ وطن کے دیرینہ خواب کی تعبیر کی یاد دلاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس مبارک دن پر افواج پاکستان اپنے بانیوں اور بہادر آباؤ اجداد کو خراج عقیدت پیش کرتی ہیں جنہوں نے آزادی اور حق خودارادیت کے حصول کے لیے عظیم قربانیاں دیں۔

ان کا غیر متزلزل جذبہ اور قربانیاں نسلوں کو متاثر کرتی رہینگی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مسلح افواج پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہیں۔

پریس ریلیز میں مسلح افواج کے اس عزم کا اعادہ کیا گیا ہے کہ وہ ”ہماری سخت محنت سے حاصل کردہ آزادی کو عزت، وقار اور اپنے نظریات کے تئیں غیر متزلزل عزم“ کے ساتھ برقرار رکھیں گے۔

Read Comments