وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پیرس اولمپکس 2024 میں پاکستان کو گولڈ میڈل دلانے والے ایتھلیٹ ارشد ندیم سے ملاقات کی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز میاں چنوں کے نواحی گاؤں میں ارشد ندیم کے گھر پہنچ گئیں جہاں انہوں نے ارشد ندیم کو 10 کروڑ روپے کا چیک پیش کیا۔
اس موقع پر انہوں نے ارشد ندیم کو ہونڈا سوک کار کی چابی بھی پیش کی جس کی نمبر پلیٹ پاک 92.97 تھی۔
مریم نواز نے کوچ سلمان اقبال بٹ کو بھی 50 لاکھ روپے کا چیک دیا۔
پاکستان کے اسٹار ایتھلیٹ ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس 2024 کے مردوں کے جیولین تھرو فائنل میں بھارت کے نیرج چوپڑا کو شکست دے کر چار دہائیوں کا انتظار ختم کردیا۔
خانیوال سے تعلق رکھنے والے 27 سالہ کھلاڑی پیرس میں پاکستان کی واحد امید تھے اور انہوں نے توقعات پر پورا اترتے ہوئے 90 میٹر سے زیادہ کی بلندی پر دو تھرو کیے۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے ارشد ندیم کی تاریخی کامیابی پر قوم کو مبارکباد دی۔
انہوں نے ایک بیان میں کہ کہ یہ جیت نوجوان ایتھلیٹس کے لئے ایک متاثر کن مثال کے طور پر کام کرے گی جس سے ثابت ہوتا ہے کہ کسی مقصد کے لئے سچی لگن لازمی طور پر کامیابی کا باعث بنتی ہے۔