ایشیائی ٹریڈنگ میں پیر کو ابتدائی سیشن کے دوران تیل کی قیمتوں میں معمولی تبدیلی دیکھی گئی جس نے جغرافیائی سیاسی تناؤ اور بہتر معاشی اعداد و شمار کی مدد سے گزشتہ ہفتے کے زیادہ تر 3 فیصد سے زیادہ اضافے کو برقرار رکھا۔
برینٹ کروڈ فیوچر 7 سینٹ یا 0.09 فیصد کی کمی سے 79.59 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کیا گیا جبکہ یو ایس ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت 2 سینٹ یا 0.03 فیصد اضافے سے 76.86 ڈالر فی بیرل رہی ۔
اے این زیڈ کے تجزیہ کاروں نے ایک نوٹ میں کہا کہ تاجر مشرق وسطی میں بڑھتی کشیدگی سے آگاہ ہیں۔
ایران اور حزب اللہ کی جانب سے حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ اور حزب اللہ کے فوجی کمانڈر فواد شکر کے قتل کا بدلہ لینے کے عزم کے بعد اسرائیل اور فلسطین کے تنازع میں اضافے کا خطرہ برقرار ہے۔
غزہ کی سول ایمرجنسی سروس کے مطابق غزہ میں اسرائیلی جارحیت ہفتے کو ایک اسکول کے احاطے پر فضائی حملے کے ساتھ شدت اختیار کر گئی جس میں کم از کم 90 افراد ہلاک ہو گئے۔
حماس نے اتوار کو جنگ بندی کے نئے مذاکرات میں شرکت پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا۔
معاون معاشی اعداد و شمار اور امریکی شرح سود میں کمی کی بڑھتی امیدوں کی وجہ سے برینٹ گزشتہ ہفتے 3.5 فیصد سے زیادہ بڑھ گیا جبکہ ڈبلیو ٹی آئی میں 4 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا۔
تین امریکی سینٹرل بینکرز نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ افراط زر اتنا ٹھنڈا ہوتا دکھائی دے رہا ہے کہ فیڈرل ریزرو اگلے ماہ سے جلد ہی شرح سود میں کمی کر سکتا ہے۔
جولائی میں چین کے صارفین کی قیمتوں میں توقع سے زیادہ تیزی سے اضافہ ہوا اور امریکی ہفتہ وار بے روزگاری کے دعوے گزشتہ ہفتے توقع سے زیادہ گر گئے۔