پیرس اولمپکس میں ارشد ندیم کی تاریخی کامیابی پر چینی انٹرنیٹ صارفین کا بھی جشن

اپ ڈیٹ 11 اگست 2024

پاکستان کے اسٹار ایتھلیٹ ارشد ندیم پیرس اولمپکس 2024 میں مردوں کے جیولین تھرو ایونٹ میں تاریخی فتح کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔

ارشد نے پیرس اولمپکس میں ریکارڈ ساز 92.97 میٹر تھرو کرکے اپنا پہلا اولمپک تمغہ حاصل کیا اور پورے ملک کا نام روشن کیا۔

انہوں نے اپنی چھ کوششوں میں 90 میٹر سے زیادہ کے دو تھرو کیے اور 90.18 میٹر کا اپنا بہترین ریکارڈ بھی توڑا اور ایک ہی ایونٹ میں 90 میٹر سے زیادہ 2 تھرو کرنے والے تاریخ کے پہلے جیولین تھرور بن گئے۔

ارشد ندیم کی شاندار کامیابی نے نہ صرف پاکستان کا اولمپک گولڈ میڈل کا 40 سالہ انتظار ختم کیا بلکہ انفرادی مقابلوں میں ملک کیلئے پہلا طلائی تمغہ بھی حاصل کیا۔

ان کی کامیابی پر نہ صرف ملک میں بلکہ بیرون ملک بھی جشن منایا گیا اور اس بہترین کارکردگی نے دنیا بھر میں کھیلوں کے شائقین کے دل موہ لیے جن میں چینی انٹرنیٹ صارفین بھی شامل تھے جو ”با ٹائی“ یعنی ”پاکستانی آئرن برادر“ کی کامیابی پر خوشی منارہے تھے۔

چینی سفارت خانے نے سب سے پہلے اسٹار ایتھلیٹ کو ان کی شاندار کامیابی پر مبارکباد دی۔

چینی سفارت خانے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہم پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کی جانب سے 40 سال بعد اولمپکس میں پاکستان کا پہلا طلائی تمغہ جیتنے اور پیرس میں مردوں کے جیولین کا اولمپک ریکارڈ توڑنے پر اپنے پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

۔

ایک اور ایکس صارف CNsky نے بھی ارشد کو سونے کا تمغہ جیتنے پر مبارکباد دی۔

دریں اثناء چینی صارفین نے چین کے ’ایکس‘ ورژن ویبو پر ایک ٹرینڈنگ ٹیگ بھی بنایا جس میں کہا گیا “ ارشد ندیم نے اپنے کوچ کو بھی حیران کردیا“۔ اس ٹیگ کو لاکھوں صارفین نے دیکھا ، ایک صارف نے مزاحیہ انداز میں تبصرہ کیا کہ کوچ کا رد عمل پیارا ہے۔ اسے اپنی آنکھوں پر یقین نہیں آ رہا تھا۔

Read Comments